(ن)لیگ کا آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں شکست اور پارٹی بیانیے پر رہنمائوں اور کارکنوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

ملک گیر کنونشن یا اعلی سطحی اجلاس بلائے جانے پر غور شروع ، اجلاس یا کنونشن سے پارٹی قائد نواز شریف بھی خطاب کریں گے

پیر 2 اگست 2021 15:46

(ن)لیگ کا آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں شکست اور پارٹی بیانیے ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں شکست اور پارٹی بیانیے پر رہنمائوں اور کارکنوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر کنونشن یا اعلی سطحی اجلاس بلائے جانے پر غور شروع کردیا،اعلی سطح کا اجلاس یا کنونشن سے پارٹی قائد نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا سینئر پارٹی رہنمائوں سے اس حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ کنونشن کا مقصد پارٹی میں پائی جانے والی بے یقینی کی کیفیت کو دور کرنا ہے، کنونشن میں حکومت کی جانب سے پارٹی کے خلاف کئے جانے والے منفی پراپیگنڈے کا بھر پور جواب دیا جائے گا،کنونشن میں دو مختلف بیانیوں کی بجائے ایک ہی بیانیہ وضع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملک میں آئندہ عام الیکشن تک پارٹی کا ایک ہی بیانیہ چلے گا۔صوبے میں ممکنہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کنونشن میں پارٹی رہنمائوں کو پارٹی پالیسی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں بھی دی جائیں گی۔ کنونشن میں پارٹی کے تمام ارکان سینٹ، قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور ممکنہ نئے ٹکٹ ہولڈر شریک ہوں گے۔پنجاب و دیگر صوبوں سے پارٹی کے منتخب تمام بلدیاتی نمائندے شرکت کریں گے۔کنونشن سے پارٹی قائد میاں نواز شریف، پارٹی صدر میاں شہباز شریف، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، مریم نواز سمیت دیگر خطاب بھی کریں گے۔ لیگی رہنمائوں سے حتمی مشاورت کے بعد اعلی سطح کا اجلاس یا کنونشن لاہور میں بلائے جانے کا امکان ہے ۔