نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 18 سال بعد دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز راولپنڈی اور ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 اگست 2021 11:17

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 18 سال بعد دورہ پاکستان کا شیڈول جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری شیدول کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم یہ 18 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ مہمان ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ سیریز میں شامل تینوں ون ڈے میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور پانچوں ٹی ٹونٹی میچز قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تین میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے پہلے تین میچز 25، 26 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ آخری دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ یے۔ نیوزی لینڈ سیزن 22-2021ء میں پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی غیر ملکی ٹیم ہوگی۔

نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد انگلینڈ کے مرد اور خواتین کی ٹیمیں پاکستان میں وائٹ بال میچز کھیلیں گی ، ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی دسمبر میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے کراچی پہنچنے کی توقع ہے، آسٹریلیا فروری،مارچ 2022ء میں مکمل دورہ کرے گا۔