کشمیری عوام اپنے خیر خواہ ہر دلعزیز رہنماء سے محروم ہو گئے ، کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں کاسیدعلی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت

جمعرات 2 ستمبر 2021 13:26

کشمیری عوام اپنے  خیر خواہ   ہر دلعزیز رہنماء سے محروم ہو گئے ، کل جماعتی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے تحریک آزادی کشمیرکے عظیم رہنماء اور بابائے حریت سید علی گیلانی جن کا گزشتہ شب سرینگر میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران انتقال ہو گیا تھا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مقیم کشمیریوں سےسید علی گیلانی کے دوران حراست قتل کے خلاف مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔ حیدر پورہ کی طرف مارچ کی کال دیتے ہوئے حریت کانفرنس نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ عظیم حریت رہنماء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حیدر پورہ میں اکٹھے ہوں۔

(جاری ہے)

سینئر حریت رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قراردیتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے خطے میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی نے جدوجہد آزادی کیلئے جس ثابت قدمی کامظاہرہ کیا وہ آئندہ نسلوں کے لیے کسی سبق سے کم نہیں۔

ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام ایک خیر خواہ لیڈر سے محروم ہوگئے ہیں۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین خواجہ فردوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی وفات کے بعد کشمیری عوام اپنے خیرخواہ رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بزرگ حریت رہنماء کی میت اپنی تحویل میں لینے پر بھارتی قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت آزادی پسندرہنماء کی لامیت سے خوف محسوس کر رہی ہے ۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ فسطائی بھارتی حکومت نے اسلامی شعائر کے مطابق سیدعلی گیلانی کی تدفین کی بھی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے سیدعلی گیلانی کے اہلخانہ اور رشتہ داروں پر پولیس کے تشدد کی بھی مذمت کی۔جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے سیدعلی گیلانی کی دوران حراست موت کو کشمیری عوام کاایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیلانی نے جاری جدوجہد آزادی کشمیر میں بے مثال کردار ادا کیا۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اورتحریک وحدت اسلامی نے اپنے الگ الگ بیانات میں سیدعلی گیلانی کو دھرتی کا عظیم سپوت قراردیا جن کی کمی کو طویل عرصے تک محسوس کیاجائے گا۔ انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے اپنے مشن کو جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔

انہوں نے حیدر پورہ کے چھوٹے سے قبرستان میں رات کے اندھیرے میں سیدعلی گیلانی کی خاموشی سے تدفین اور صرف چند اہلخانہ کو انکی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دینے کی مذمت کی ۔ جموں سے تعلق رکھنے والے حریت رہنمائوں بشمول جموںوکشمیر فریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمد شریف سرتاج ، محمد حنیف کالس، مولانا امیر محمد شمسی ، مولانا عبدالقیوم متو ، ملک ارشاد احمد ، پرویز احمد شیخ ، ایڈووکیٹ خواجہ اعجاز مدنی ، محمد حسین خطیب ، محمود اختر قریشی ، مشتاق احمد زرگر اور محمد لطیف لون نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی عمر بھر بھارتی سامراج کے سامنے ایک چٹان کی طرح ڈٹے رہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں سید علی گیلانی کوہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے سید علی گیلانی کی دوران حراست وفات کوکشمیری عوام کا ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیدعلی گیلانی ایک نڈر اور بے خوف کشمیری رہنما ء تھے جنہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کیلئے ناقابل فراموش خدمات اور قربانیاںپیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے سید علی گیلانی کی طویل جدوجہد کو کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی اور حریت آزاد کشمیر کے رہنماء امتیاز وانی نے اپنے الگ الگ بیانات میں  تحریک آزادی کشمیر کیلئے سید علی گیلانی کے عظیم قربانیوںکواجاگر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کاز کے لیے ان کی عمربھر کی جدوجہد کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔