جماعت اسلامی اس دنیا میں اللہ کی بندگی کی تحریک ہے ‘ جاوید قصوری

ہمارے کارکن کسی کے جیالے ،متوالے اور کھلاڑی نہیں بلکہ رسول ؐ کی امت کے ہراول دستہ ہیں ‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

ہفتہ 4 ستمبر 2021 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2021ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کواس لیے وجود بخشا ہے کہ طاغوت کے مقابلہ میں ہم اللہ کی بندگی کا اعلان کریں اور اس کے نظام کے لیے جدوجہد کریں ، سید ابو الاعلی مودودی ؒ نے جماعت اسلامی کو قائم کرکے اس امت کو بھولا ہوا سبق یاددلایا ہے،جماعت اسلامی اس دنیا پر اللہ کے غلبے کی تحریک ہے۔

مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی خود کو بھٹو کا جیالا کہتا ہے ،کوئی کسی کا متوالا کہتا ہے اور کوئی کسی کا کھلاڑی کہلاتا ہے لیکن جماعت کے لوگوں کو اللہ اور ا س کے رسول ؐ کی امت کا ہراول دستہ ہونے پر فخر ہے۔ ہم جماعت اسلامی کے ساتھ وابستگی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس عزم و یقین کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ ہم یہ سفر زندگی کے آخری سانس تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں وہ امریکہ اور نیٹو جو کہتے تھے کہ کسی سے بات نہیں کریںگے، طالبان کو دہشت گرد کہتے تھے، آج وہاں سے اپنا بوریا بستر لپیٹ جا چکے ہیں۔ ان شاء اللہ کشمیر اور فلسطین میں بھی ظلم کا سورج غروب ہونے کو ہے۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ گزشتہ ایک صدی میں سیکولر ازم، سوشلزم ، کیمونزم کے مقابلہ میں سید ابو الاعلیٰ مودودی کی اس تحریک نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

ہماری تحریک سے وابستہ بزرگوں نے شہادتوں کے جام پی لیے مگراپنے نظریے سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ حق سچ کی راہ ہے اور اسی میں ہی فلاح ممکن ہے۔ ان شاء اللہ وہ دور جلد آئے گا جب اللہ کی زمین پر اللہ کا ہی نظام ہوگا۔ ہمیں ثابت قدم رہنا ہے۔ عوام کی خدمت کے لیے ووٹ مانگنا بھی عبادت ہے اور ان کی قوت کو اکٹھا کرنا ہے۔کنٹونمنٹ بورڈکے انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کی صاف شفاف قیادت کو منتخب کریںتاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔