بلاول بھٹو کا پیپلزپارٹی کے لیڈروں کی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے خوا ب کو پورا کریں جو عوام کی خوشحالی اور فلاح کا خواب ہے،سلیکٹڈ حکومت نے ان20ملازمین کو دوبارہ بیروزگار کر دیا ہے، اس ملک کا عام آدمی اس سلیکٹڈ حکومت کی تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے پریشان ہے، خطاب

اتوار 5 ستمبر 2021 00:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2021ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے لیڈروں کی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے خوا ب کو پورا کریں جو عوام کی خوشحالی اور فلاح کا خواب ہے،سلیکٹڈ حکومت نے ان20ملازمین کو دوبارہ بیروزگار کر دیا ہے، اس ملک کا عام آدمی اس سلیکٹڈ حکومت کی تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے پریشان ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں مرحوم سید ناظم حسین شاہ کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے اپنے مختصر خطاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے لیڈروں کی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے خوا ب کو پورا کریں جو عوام کی خوشحالی اور فلاح کا خواب ہے۔

(جاری ہے)

قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے یہ پارٹی عوام کی خدمت کے لئے قائم کی تھی۔

قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن موجودہ حکومت عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین رہے ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی دوسری حکومت میں نوجوانوں کو روزگار مہیا کیا تھا تاکہ اس ملک کی معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو سکے۔ میاں نواز شریف نے حکومت میں آکر اوار ملازمین کو برطرف کر دیا تھا لیکن ہماری حکومت میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ کے ذریعے ملازمین کو بحال کر دیا تھا۔

اب اس سلیکٹڈ حکومت نے ان20ملازمین کو دوبارہ بیروزگار کر دیا ہے۔ اس ملک کا عام آدمی اس سلیکٹڈ حکومت کی تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے پریشان ہے۔ ہم عوام کو تباہی کی اس دلدل سے قائد عوام کے نظریے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے منشور کے ذریعے ہی نکال سکتے ہیں۔ ہم سب لوگوں کو عوام کو یہ بتانا پڑے گا کہ اگر پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں تو انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کرنی ہے۔

انشااللہ ہم اپنی حکومت بنائیں گے اور پاکستان میں عوامی راج ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم سید ناظم حسین شاہ اور ان کی اہلیہ کی وفات پر ان کے صاحبزادوں لیاقت علی شاہ اور بیرسٹر مدثر حسین شاہ سے تعزیت کی اور اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو نے کہ سید ناظم شاہ کی پارٹی اور عام آدمی کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آج صبح ملتان پہنچے اور انہوں نے نہایت مصروف دن گزارا۔

علاقے کے سیاستدانوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور پیپلزپارٹی کے ان لیڈران کے گھروں میں تعزیت کے لئے گئے جو اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں۔ ملتان آمد کے موقع پر ایک بڑی تعداد میں کارکنوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خیرمقدم کیا۔ سیداں والے بائی پاس، شیر شاہ روڈ اور دیگر مقامات پر کارکنوں نے فلک شگاف نعروں سے اپنے چیئرمین کا استقبال کی اور ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

لیہ سے قومی اسمبلی میں دو مرتبہ منتخب نمائندے اور سابق وفاقی وزیر بہادر خان سیہڑ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں 11ستمبر کو اپنی رہائش گاہ پر عشائیے کی دعوت دی جسے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بخوشی قبول کر لیا۔ بہادر خان سیہڑ 11ستمبر کو اس عشائیے میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اس ملاقات کے موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ ہولڈر میاں مظہر عباس اور مظفرگڑھ سے ایم کیو ایم کے ٹکٹ ہولڈر امجد علی امجد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مخدوم احمد محمود ، خواجہ رضوان عالم، نتاشہ دولتانہ، حیدر زمان قریشی، عبدالقادر شاہین، بس روجی، حسن مرتضی اور سجاد سعید چیمہ بھی موجود تھے۔

آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس سے ملک کی سیاسی صورتحال اور الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اراکین کی تقرری پر گفتگو ہوئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زراری نے ملتان کے پارٹی جنرل سیکریٹری اے ڈی خان بلوچ کی رہائش گاہ جا کر ان سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ پڑھی۔

چیئرمین پی پی پی نے ملتان کے سابق سینئر نائب صدر علی حیدر زمان گردیزی کی رہائش گاہ جا کر ان نے ان کے بھائی کرنل ریٹائرڈ ناصر زمان گردیزی کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب بھی کیا۔ اس موقع پر رائوقادر، عبدالقادر شاہین اور حیدر زمان قریشی بھی موجود تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ضلع ملتان کی جانب سے پیپلزپارٹی سیکریٹریٹ میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا جس میں عمائدین شہر ، دانشور حضرات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور تاجروں نے شرکت کی۔