ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بارش ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، راول ڈیم بھر گیا،اسپل ویز کھول دئیے گئے

ہفتہ 11 ستمبر 2021 14:26

ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بارش ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے
اسلا آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2021ء) ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختون خوا، سندھ، کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی ، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوئی، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش لاہور میں 167 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

قصور ،شکر گڑھ، گجرات اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور کراچی سمیت سندھ، پنجاب، خیبر پختون خوا، مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہونے پر ڈیم کے اسپل ویز کھول دئیے گئے۔