Live Updates

وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ شروع کردیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:43

وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2021ء) وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ شروع کردیا۔ نئے پراجیکٹ کا فیصلہ23 ستمبر کو اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد ہونے والی سی پیک پر 10 ویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی ) کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ دونوں ممالک نے کراچی کوسٹل کمپری ہنسیو ڈویلپمنٹ زون (KCCDZ) کو سی پیک فریم ورک کے تحت شامل کرنے پر اتفاق کیا۔

وزارت بحری امور کے مطابق کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون بحری امور کی وزارت کا ایک اہم اقدام ہے جو کراچی کو ایک انتہائی جدید شہری انفراسٹرکچر زون فراہم کرنے پر مرکوز ہے، جس سے کراچی دنیا کی سرفہرست بندرگاہوں میں شمار ہوگا۔ سی پیک کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے منصوبے میں ملٹی بلین ڈالر کا میگا کے سی سی ڈی زیڈ منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری پر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے لیے متوقع سرمایہ کاری تقریبا 3.5 بلین ڈالر ہے۔ کے سی سی ڈی زیڈ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہوگا۔ کم لاگت کے گھروں کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کے سی سی ڈی زیڈ آس پاس کی کچی آبادیوں میں رہنے والے 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی آبادکاری بھی فراہم کرے گا۔ ماحول دوست میگا کے سی سی ڈی زیڈ کے پی ٹی کے لیے 4 نئی برتوں کو تعمیر کرے گا جو پاکستان کے بڑھتے ہوئے سمندری شعبے میں معاون ثابت ہوگا۔

یہ ایک جدید ترین ماہی گیری بندرگاہ بھی بنائے گا، جس میں پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے عالمی معیار کا فشریز ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ہوگا۔ اس سے سمندری ماحولیاتی نظام میں بھی بہتری آئے گی اور دریائے لیاری پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا کر آلودگی کو کم کیا جائے گا۔ کے سی سی ڈی زیڈ کراچی کے باقی حصوں سے پاکستان کے ڈیپ واٹر پورٹ سے نکلنے والے ایک پل کے ذریعے، منوڑا جزائر اور سینڈز پٹ بیچ کے لیے رابطہ قائم کرے گا۔ کے سی سی ڈی زیڈ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بھی بہت معاون ثابت ہوگا اورپاکستان کی بلیو اکانومی کے راستے کھولے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان ترقی اور صنعتی تعاون کو نمایاں طور پر بڑھا دے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات