پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے خام تیل کی عالمی مارکیٹ سے تباہ کن خبر

طلب میں اضافے اور پیدوار میں کمی کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، رواں سال کے آخر تک فی بیرل قیمت 90 ڈالرز کی سطح کو چھو جانے کا خدشہ

muhammad ali محمد علی پیر 27 ستمبر 2021 23:01

پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے خام تیل کی عالمی مارکیٹ سے تباہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے خام تیل کی عالمی مارکیٹ سے تباہ کن خبر۔ تفصیلات کے مطابق خام تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عالمی معیشت کیلئے ہلچل مچا دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی طلب میں اضافے اور پیدوار میں کمی کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

7 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 80 ڈالر کی سطح کے قریب پہنچ چکی، اس وقت برینٹ کروڈ آئل ساڑھے 79 ڈالر فی بیرل کی قیمت پر ٹریڈ کر رہا۔ ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کے باعث تباہی کا شکار ہونے والی عالمی معیشت اب دوبارہ سے تیزی پکڑ رہی ہے، دنیا بھر میں انتہائی تیز رفتاری سے کرونا ویکسی نیشن کیے جانے کے بعد بیشتر ممالک میں معاشی سرگرمیاں بھی تیزی سے عروج پکڑ رہی ہیں، اسی باعث دنیا بھر میں خام تیل کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم تیل کی پیدوار والے ممالک کی جانب سے پیدوار میں اضافے سے گریز کیا جا رہا ہے اور اسی باعث قیمتیں بے قابو ہو رہی ہیں۔ ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو رواں سال کے آخر تک خام تیل کی فی بیرل قیمت 90 ڈالرز کی سطح کو چھو جانے کا خدشہ ہے، جو کہ دنیا کے کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے انتہائی منفی صورتحال ہو گی۔

خام تیل کی عالمی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پاکستانی معاشی ماہرین نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی معیشت کیلئے انتہائی تباہ کن صورتحال ہے۔ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکیں، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی امپورٹ کا بل بھی 3 ارب ڈالرز سے تجاوز کر چکا۔