مقبوضہ کشمیر :کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جمعہ کو مکمل ہڑتال کی اپیل

بدھ 13 اکتوبر 2021 17:51

سرینگر۔13اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2021ء) :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی سازشوں کے خلاف احتجاج کیلئے جمعہ کو مکمل ہڑتال کی اپنی اپیل دہرائی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سے کہاہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں کالے قوانین کے تحت اپنے شہری حقوق پر قدغن ، کریک ڈائونز کے دوران کشمیری نوجوانوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام اور گرفتاریوں اور مسلمان ملازمین کی ملازمتوں سے جبری برطرفی کے خلاف احتجاج کیلئے جمعہ کو مکمل ہڑتال کریں۔

(جاری ہے)

ادھربھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جس سے گزشتہ تین دن کے دوران مقبوضہ علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 8ہو گئی ہے۔ حریت رہنما جاوید احمد میر ، جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے کشمیریوں کے قتل اور گرفتاریوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف جنگی جرائم کے تحت مقدمات چلائے ۔

سکھ رہنما دیویندر سنگھ بہل اور نریندر سنگھ خالصہ سرینگر میں قتل ہونےوالی سکول پرنسپل ستندر کور کے گھر گئے اور آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سکھوں اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زوردیا ۔بھارتی پولیس نے سرینگر کے علاقے ڈل گیٹ میں ایک فوٹو جرنلسٹ مختار ظہور کو ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔

27 سالہ مختاربرطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے لئے کام کرتا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں چین کے سامنے بھیگی بلی بننے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو بھارت کی جغرافیائی سالمیت سے زیادہ اپنے جھوٹے وقار کی فکر ہے۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت جیسے ملک میں ایک کمزور وزیراعظم ہے جو چین کا نام لینے کو بھی تیار نہیں۔دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم اور اسکالرز نے ایک ویبینارسے خطاب کرتے ہوئے معروف کشمیری دانشور ، صحافی اور کشمیر میڈیا سروس کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے ان کے انتقال کو کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر ایویئرنیس فورم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی فوجی قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کی بقاءکےلئے ایک خطرہ ہے۔