Live Updates

پنجاب حکومت کا عید میلادالنبیﷺ پر قیدیوں کی سزا میں60 یوم کی عام معافی کا فیصلہ

قیدیوں کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، قیدیوں اور جیل عملے کیلئے ساڑھے8 کا خصوصی پیکج دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 اکتوبر 2021 18:05

پنجاب حکومت کا عید میلادالنبیﷺ پر قیدیوں کی سزا میں60 یوم کی عام معافی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2021ء) پنجاب حکومت نے عید میلادالنبیﷺ پر قیدیوں کی سزا میں60 یوم کی عام معافی کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ قیدیوں کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، قیدیوں اور جیل عملے کیلئے ساڑھے8 کا خصوصی پیکج دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے قیدیوں اورجیل عملے کیلئے 5 ارب50 کروڑ روپے کے خصوصی پریزن پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قیدیوں اورجیل عملے کیلئے خصوصی پیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ1894کے 127سالہ پرانے جیل قوانین، قواعد اور روایات کو تبدیل کیا جائے گا۔ قیدیوں کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

قیدیوں کو قابل نفرت بنانے کی بجائے معاشرے کا مفید شہری بنانے پر توجہ دی جائے گی۔قیدی قابل نفرت نہیں ہوتے،صرف جرم قابل نفرت ہوتاہے۔

قیدی انسان ہیں اورانسان قابل صلاح ہوتا ہے۔قیدیوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے پر توجہ دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے قیدیوں کی سزامیں 60 یوم کی عام معافی کا اعلان کیا اورکہا کہ قیدیوں کو میٹرس، کمبل اور تکیہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ سخت سردی کے موسم میں اسیران کے لئے تمام جیلوں میں گیزر نصب کئے جائیں گے۔

جیلوں میں ایل سی ڈی ٹی وی پر کیبل نیٹ ورک کے ذریعے نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینل دکھائے جائیں گے۔ میں نے آج جیل میں کیبل نیٹ ورک سسٹم کا افتتاح کیا ہے۔جیلوں میں سیل اور بیرکوں میں ائیرکولر، ایگزاسٹ فین، ایل ای ڈی لائٹس اور اضافی پنکھے نصب کئے جائیں گے تاکہ قیدیو ں کو موسم کی سختی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انڈسٹریز کے تعاون سے جیلوں میں قیدیوں کی تیارشدہ مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے ہر قیدی کو ماہانہ بنیاد پر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نادارو غریب قیدیوں کیساتھ کم عمر اسیران کو بھی پی سی او سے اہل خانہ سے گفتگو کی سہولت دی جائیگی۔ خواتین قیدیوں کو ضرورت کی تمام اشیاء فراہم کی جائیں گی۔خواتین قیدیوں کے ساتھ 6سال تک کے بچوں کیلئے تعلیم، تفریحی سہولیات اور ڈے کیئر سینٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمسن قیدیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گااوران کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔پنجاب سپورٹس بورڈ اورپنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قیدیو ں کیلئے سپورٹس اور دیگر تفریحات کا اہتمام کیا جائے گا۔پنجاب لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل کمیشن فار ویمن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے قیدیو ں کیلئے تعلیم کا اہتمام کیا جائیگا۔

محکمہ صحت ہر ماہ تمام جیلوں میں قیدیوں کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیل ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کیلئے جدید طبی آلات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ ڈاکٹروں اور عملے کی خالی آسامیو ں کو پر کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز کو تنخواہ کے ساتھ خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ایمرجنسی کی صورت میں قیدیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ہر جیل کو ایمبولینس کی سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی بندش اور خرابی کے امور کو حل کرنے کیلئے تمام جیلوں کو بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا۔ہر سال رمضان المبارک میں قیدیوں کی دیت، جرمانے کی ادائیگی کا مربوط اور منظم نظام وضع کیا جا رہا ہے تاکہ معمولی جرائم میں ملوث نادار قیدی بلاوجہ قید کاٹنے پر مجبور نہ ہوں۔لا وارث، نادار اور غریب قیدیوں کیلئے محکمہ قانون اور پراسیکیوشن کی معاونت سے مفت قانونی امداد اور وکلاء کا تقرر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معذور، بیمار اور بزرگ قیدیوں کی رہائی کے اقدامات کیلئے پیرول کمیٹی قائم کر دی ہے تاکہ ان قیدیوں کو بلاوجہ سزا نہ کاٹنی پڑے۔صوبے بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید بیرکس بھی بنائیں گے۔قیدیوں کی اہل خانہ و رشتے داروں سے ملاقات میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے قابل عمل اقدامات کر رہے ہیں۔جیلوں میں قیدیوں کیلئے کنٹین ایک بڑا مسئلہ تھا، جہاں پر مجبور قیدیوں کو لوٹا جاتا تھا۔

ہم اس کلچر کو تبدیل کررہے ہیں۔ہرجیل میں کنٹین پر معیاری اشیاء مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا قیدیوں کی سہولت کیلئے لنچ اورڈنر کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے قیدیوں کیساتھ ساتھ جیل سٹاف کو بھی پیکیج دیا گیا ہے۔جیل عملے کے سروس سٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جیل ملازمین کی تنخواہوں و الاؤنسز کے ساتھ ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سکیورٹی الاؤنس دینے کا اعلان کیا اور اس پیکیج پر تقریباً2 ارب 77 کروڑروپے خرچ ہوں گے۔جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے،جس پر  9 کروڑ 24 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ جیل خانہ جات کو 21 آپریشنل گاڑیاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس پر 10 کروڑ 64 لاکھ روپے صرف ہوں گے۔

پولیس شہداء پیکیج کی طرز پر جیل شہداء کے مروجہ پیکیج میں اضافہ کیاگیاہے۔ پنجاب پریزن سروس کے شہداء کے بچوں کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جیل ملازمین کے بچوں کو سکالرشپ، جہیز فنڈاور میڈیکل الاؤنس بھی دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیل کو 2، 2 جیل وین دی جائینگی۔ 72 وینز کی فراہمی پر مجموعی طو رپر 91 کروڑ 40 لاکھ  روپے لاگت آئیگی۔

جیلوں میں موجود 287 پریزن وین کی مرمت اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔ ان میں قیدیوں کیلئے پنکھے، ایگزاسٹ اور نئی سیٹیں لگائی جا رہی ہے، جس پر7 کروڑ 17لاکھ روپے خرچ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں ربیع الاول کی مناسبت سے ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐمنایا جارہاہے۔ قیدیوں کے مابین تلاوت قرآن پاک، سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر تقریری اورنعت خوانی کے مقابلے کرائے جارہے ہیں۔

مقابلے میں نمایاں کارکردگی پر قیدیوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔نبی کریم حضرت محمدؐدوجہانوں کیلئے سراپا رحمت ہیں۔ آج ہمیں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ منانا ہی نہیں بلکہ اسے اپنانا بھی ہے۔ قیدی انسان ہیں اور ان سے انسانوں کی ہی طرح سلوک کرنا چاہیے۔یہی نبی کریمؐ کی سنت بھی ہے اور تعلیمات بھی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نبی حضرت محمدؐ کی شان اقدس انسانی سوچ سے بالاتر ہے اور کسی تعریف کی محتاج نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر بالخصوص پنجاب میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کا آغاز ہو چکا ہے۔ صوبہ بھر میں مقابلہ حسن قرأت، نعت، تقاریر، محافل میلاد، نعتیہ مشاعرے، علماء مشائخ کانفرنس اور دیگر تقریبات منعقد ہورہی ہیں۔ ہم نے صوبے بھر کی جیلوں میں بھی عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا فیصلہ کیاہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قیدیوں اورسٹاف کیلئے پریزن پیکیج کی تیاری میں صوبائی وزراء راجہ بشارت،فیاض الحسن چوہان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ راجہ بشارت اورفیاض الحسن چوہان نے ذاتی دلچسپی لیکر یہ تاریخ ساز پیکیج مرتب کیا۔میں راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان اورایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی پرمرد و خواتین قیدیوں میں انعامات تقسیم کیے۔صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ جیل خانہ جات کے امور میں بے پناہ دلچسپی لی ہے۔

آج تک کوئی وزیراعلیٰ قیدیوں کی حالت زار پر توجہ نہ دے سکا۔ عثمان بزدار نے تاریخ ساز پیکیج دے کر قیدیوں اورجیل ملازمین کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کایہ پیکیج قیدی اورجیل ملازمین ہمیشہ یاد رکھیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار قیدیوں اورسٹاف کیلئے حقیقی نجات دہندہ ثابت ہوئے ہیں۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ نے سپاسنامہ پیش کیا۔

قبل ازیں  وزیراعلیٰ عثمان بزدار  سینٹرل جیل کوٹ لکھپت پہنچے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کے قیدیوں کیلئے ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے جم اور فٹنس سنٹرکا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جم اور فٹنس سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جم اور فٹنس سنٹر میں قیدیوں کیلئے ایکسر سائز کی مشینیں دیکھیں۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک مشین پر خود بھی ایکسرسائز کی۔ وزیراعلیٰ نے جم اور فٹنس سنٹر میں ایکسرسائز کیلئے جدید سہولتیں فراہم کرنے کی تعریف کی۔کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم سے قیدی پی ٹی وی کے ساتھ تفریحی چینل بھی دیکھ سکیں گے۔صوبائی وزراء راجہ بشارت،فیاض الحسن چوہان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ بھی اس موقع پرموجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات