پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

14 اور 15 نومبر کی شب دوست یاسر شاہ اپنی ریوو گاڑی میں اسے اپنے گھر چوہدری خلیق الزماں روڈ پر قائم فلیٹ پر لے گیا اور زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ۔ متاثرہ ڈاکٹر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 نومبر 2021 17:00

پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 نومبر 2021ء) : پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو دوست نے ہی مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ فریئر کے علاقے میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور قبیح فعل میں ملوث جنسی درندے کو گرفتار کرلیا جبکہ متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ بھی کروایا گیا ۔

میڈیکل رپورٹ سامنےآنے پر صورتحال واضح ہوگی۔ تاہم پولیس نے ملزم یاسر کے خلاف متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق بلوچستان کے ایک سیاسی بااثر گھرانے سے ہے ، فریئر تھانے میں متاثرہ لڑکی (ن) نے ایف آئی آر نمبر 290/2021 بجرم دفعہ 376/506/337 اے کے تحت درج کروائی جس میں اس نے بتایا کہ 14 اور 15 نومبر کی شب میرا ایک دوست یاسر شاہ اپنی ریوو گاڑی میں اسے اپنے گھر چوہدری خلیق الزماں روڈ پر قائم فلیٹ پر لے گیا جہاں اُس نے مجھے زبردستی اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور بعد میں مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ملزم نے بعد ازاں مجھے وٹز گاڑی سے ایک نامعلوم سڑک پر پھینک کر فرار ہوگیا ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ متاثرہ لڑکی پاکستانی نژاد امریکی ہے اور پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق بلوچستان کے ایک سیاسی بااثر گھرانے سے ہے ۔واضح رہے کہ جوں جوں ملک بھر میں جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ویسے ہی ان واقعات کے رپورٹ ہونے کے بعد انصاف کی فراہمی میں بھی تاخیر ہو رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ’پاکستان میں روزانہ 11 خواتین اور آٹھ بچے زیادتی کا شکار ہوتے ہیں۔

یہ تعداد پولیس اور دیگر اداروں کے پاس درج ہونے والی شکایات سے اخذ کی گئی ہے۔ رواں برس جنوری میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق 2015ء سے اب تک مجموعی طور پر جنسی زیادتی کے 22 ہزار 37 مقدمات درج ہوئے جن میں سے چار ہزار 60 مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے والدین کی تشویش میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔