سری نگر، بھارت کشمیریوں کو معذور بنانے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ، رپورٹ

جمعہ 3 دسمبر 2021 21:38

سرینگر ۔3دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 03 دسمبر2021ء) :غیر قانونی طورپر بھار ت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پر امن مظاہرین پر پیلٹ گنز سے فائرنگ جیسے بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کی وجہ سے ہزاروں کشمیری عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں جبکہ 200سے زائد افرادایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔  جمعہ کو خصوصی افرادکے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپا ہج بنانے کیلئے انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جن میں بھار ت مخالف مظاہروں کے دوران گولیوں ،پیلٹ گنز ، پا وا  اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کے علاوہ وحشیانہ ظلم و تشدد، بجلی کے جھٹکے، ٹانگوں کے پٹھوں کو لکڑی کے رولر سے کچلنا ، گرم چیزوں سے جلانا اور تفتیشی مراکز میں الٹا لٹکانا بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

محکوم کشمیریوں کے خلاف کھلونا بم اور بارودی سرنگوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔  رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف مہلک پیلٹ گنز کے وحشیانہ استعمال سے مقبوضہ علاقے میں معذور ہونے والے افراد کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت تین ہزار سے زائد کشمیری اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت کھونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو ایک منظم طریقے سے معذوربنانے کے بھارتی حکومت کے غیر انسانی اقدام کا فوری نوٹس لے۔ ادھر قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوںکو مسلسل 17 ویں ہفتے اوررواں برس 43  ویں مرتبہ جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔انجمن اوقاف جامع مسجد نے ایک بیان میں کہاہے کہ تاریخی جامع مسجد  میں لوگوںکو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا بھارت کا دعویٰ بے نقاب ہوگیا ہے ۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ پر پابندی پر تشویش کا اظہار کیا اور اسے مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔ بڈگام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف نکالی گئی ریلی میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی۔

جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ سبط شبیر قمی نے سرینگر میں پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔  ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے معذور افراد کے عالمی دن کے سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جسکا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم بالخصوص پیلٹ گن کے استعمال جس سے ہزاروں کشمیریوں کی بصارت کو نقصان پہنچاہے اور سینکڑوں افراد بینائی سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں کی طرف مبذول کرانا تھا۔

پاسبان حریت جموں و کشمیر نے مظفرآباد میں ایئرپورٹ روڈ پر بھارت مخالف ریلی نکالی۔ رواں برس اکتوبر میں بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کرنے پر بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں گرفتار تین کشمیری طلبانے ضمانت کے لیے براہ راست الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ طلباءنے عرضداشت میں کہا ہے کہ تاج شہر کے وکلاءنے سیشن کورٹ میں ضمانت کے لیے انکے مقدمے کی پیروی سے انکار کر دیا ہے۔