پاک فضائیہ نے ہمیشہ اپنی جانیں جان آفریں کے سپرد کر کے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند رکھا‘سردار ناہید عباسی

منگل 7 دسمبر 2021 13:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) سیاسی وسماجی رہنما سردار ناہید عباسی نے پاک فضائیہ کے سیاچن ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے دونوں پائلٹس میجرعرفان برچہ اور میجر راجہ ذیشان جہانزیب شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ اپنی جانیں جان آفریں کے سپرد کر کے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند رکھا، پاک فضائیہ دنیا کی سب سے بہترین ائیر فورس ہے۔

جس نے 1965ء کی جنگ ہو یا ہندوستان کی جانب سے فروری 2019 میں ایل او سی کی خلاف ورزی، وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو شکستِ فاش دی ہے۔ سیاچن میں پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پائلٹس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی سب سے بہترین فوج ہے جس نے دنیا کی تاریخ میں اپنے ملک میں دہشت گردی کا قلع قمع کیا۔

(جاری ہے)

زلزلہ ہو یا سیلاب افواج پاکستان نے ہمیشہ اپنے لوگوں کی مدد کی ہے۔ پاک فضائیہ نے ملک و قوم کے لیے قربانیوں کی جو لازوال تاریخ رقم کی ہے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی۔ دشمن نے جب بھی ہمارے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو افواج پاکستان نے اسکو منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ جس قوم کے جوان اپنے فورسز میں جام شہادت نوش کرنے کے لیے بھرتی ہوں اس قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ افواج پاکستان میں ہمارے جوان تنخواہ کے لیے نہیں بھرتی ہوتے بلکہ اپنی جوانیاں اور جانیں اس دھرتی پر نچھاور کرنے کے لیے بھرتی ہوتے ہیں۔