مہاجر کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے : ڈاکٹرسلیم حیدر

کراچی مہاجروں کا قلعہ ہے اس پر قبضے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،چیئرمین ایم آئی ٹی

منگل 14 دسمبر 2021 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2021ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کی تقاریر کو مہاجر دشمنی قرار دیتے ہوئے کہاکہ سندھی نسل پرست متعصب حکمران روز اول سے مہاجروں کیخلاف اسی طرح کا رویہ رکھتے ہیں ، وہ سندھ کی اکثریتی آبادی مہاجر کو غلام بناکر رکھنا چاہتے ہیں لیکن مہاجروں نے برصغر میں ہندوؤں او رانگریزوں کی غلامی قبول نہیں کی تو وہ ان دیہاتیوں کی غلامی کیسے قبول کرلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں موجود مفاد پرست مہاجروں کو غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پارٹی کو چھوڑ دینا چاہئے کیونکہ اس کی تاریخ مہاجر دشمنی سے بھری ہوئی ہے اور اب یہ متعصب دیہاتی حکمران مہاجر دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

کراچی ، حیدرآباداور شہری علاقوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے یہ آئین اور قانون سب کو روندتے ہوئے لوٹ مار میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی مہاجروں کا قلعہ ہے اور کوئی اس کی فصیل پر چڑھ کر یہ سمجھتا ہے کہ وہ قلعہ پر قبضہ کرلے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ ہم بھی ان سے زیادہ سخت جواب دے سکتے ہیں لیکن اس طرح کی تربیت ہماری نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب ماضی کی غلطیوں کو بھلاکر مہاجروں کیلئے آگے بڑھنے کا وقت ہے ۔ پوری قوم کو مایوسی سے نکل کر ان متعصب حکمرانوں کا مقابلہ کرنا ہوگا جو کبھی ذوالفقا رعلی بھٹو، کبھی ممتاز بھٹو، کبھی بینظیربھٹو، کبھی عبداللہ شاہ، کبھی ذوالفقار مرزا، کبھی قائم علی شاہ اور کبھی مراد علی شاہ جیسے مہاجر دشمنوں کی شکل میں مہاجروں پر قاری ضرب لگارہے ہیں۔

لیکن مہاجر آج بھی ان کا مقابلہ کرنے کیلئے کھڑے ہیں او رہمیشہ کھڑے رہیں گے کیونکہ غلامی کی زندگی گزارنا مہاجروں کی وجود میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ترمیمی بل مہاجروں کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس کا نوٹس لیں ۔