بھارت کشمیری نظر بنددوں کیساتھ مجرموں جیسا برتائو ترک کر دے، کل جماعتی حریت کانفرنس

تازہ برفباری سے مقبوضہ علاقے میں نظام زندگی درہم برہم ،بالائی علاقوں کاباقی علاقے سے رابطہ منقطع بھارتیہ جنتاپارٹی نے نفرت کی کئی فیکٹریاں قائم کر رکھی ہیں،’ٹیک فوگ‘ ایپ ان میں سے ایک ہے، راہول گاندھی

اتوار 9 جنوری 2022 17:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی جیلوں کو جہنم نما تفتیشی مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کشمیری نظر بندوںکے ساتھ سزا یافتہ مجرموں اور جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردار کیا کہ تہاڑ اور بھارت کی دیگر جیلوں میں بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے علیل رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ مناسب طبی نگہداشت اور معیاری غذا کی عدم فراہمی کے سبب کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکا ذمہ دار بھارت ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے تاکہ مقبوضہ علاقے میں مزید جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالصمد انقلابی نے ایک بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کا محاسبہ کریں۔

دریں اثنا، بھارتی پولیس نے برطانیہ میں مقیم کشمیری نژاد مزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر کشمیر کی آزادی کے حق میں آواز بلند کرنے پر سرینگر کے کوٹھی باغ تھانے میںغیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق کالے قانون ’’یو اے پی اے ‘ کے تحت مقدمہ درج کیاہے۔تازہ برفباری نے مقبوضہ علاقے میں نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے جب کہ بالا ئی علاقوں کاباقی علاقے سے رابطہ منقطع ہو گیاہے۔

حکام سڑکوں سے برف ہٹانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ شدید برف باری اور بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سری نگرجموں شاہراہ پرٹریفک معطل ہوگئی ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میںسڑکوں کی بندش، بجلی کے بریک ڈاؤن اور خوراک اور دیگر سہولیات کی کمی نے حکام کے بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔

ادھر انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے نفرت کی کئی فیکٹریاں قائم کررکھی ہیں اور ’ٹیک فوگ‘ ایپ ان میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مسلم خواتین کو نشانہ بنانے والی ’’Bulli BaI‘‘ ایپ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک رپورٹ کو ٹیگ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ 'ٹیک فوگ' بی جے پی کی مددگار ایپ ہے جس کے ذریعے 'سائبر آرمی' کو سماجی رابطوں کی سائٹوں پر نفرت پھیلانے کا ہدف دے دیا گیا ہے۔