Live Updates

پی ٹی آئی حکومت نے فوٹو سیشن کی بجائے عملی خدمت کو فروغ دیکر نئی جمہوری مثال قائم کی ہے، میاں خالد محمود

پیر 17 جنوری 2022 17:29

پی ٹی آئی حکومت  نے فوٹو سیشن کی بجائے عملی خدمت کو فروغ دیکر نئی جمہوری ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2022ء) صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شعبدہ بازی اور فوٹو سیشن کی روائتی سیاست کی بجائے عملی خدمت کو فروغ دیکر ایک نئی جمہوری مثال قائم کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور روڈ صدیقیہ کالونی میں پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے رنگ روڈ کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نا مساعد حالات کے باوجود حکومت نے ریاست کی رٹ قائم کرنے کے ساتھ ملکی استحکام، قومی سلامتی اور عوامی تعمیر و ترقی کیلئے مشنری جذبہ کے تحت جو کام کیا ہے اسکے فوائد و ثمرات اب تیزی کے ساتھ عوام میں منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں، شیخوپورہ میں پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ معاشی ترقی کا زینہ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ نئے سال میں پی ٹی آئی حکومت کا ایک عوامی تحفہ ہے جبکہ شیخوپورہ میں ساڑھے سات ارب روپے کی لاگت سے وار ث شاہ یونیورسٹی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد بہت جلد وزیر اعلی سردار عثمان بزدار رکھیں گے جس سے ضلع میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا۔ میاں خالد محمود نے کہا کہ ملک میں معاشی بدحالی اور مہنگائی کی ذمہ دار ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہیں جن کے دور اقتدار میں منی لانڈرنگ، کرپشن، اقربا پروری اور غیر ملکی قرضوں کا حجم بڑھنے سے عوام کا معاشی استحصال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار میں آکر ایک طرف ریاست کی رٹ کو قائم کیا تو دوسری طرف انہوں نے ملکی سلامتی ،آزادی و خود مختاری کے تحفظ کے ساتھ کرپشن اور کمیشن مافیا کے خلاف علم جہاد بلند کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طاقتور لوگوں کے خلاف احتساب کا عمل شروع ہونا ملکی سیاست میں بہت بڑی تبدیلی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان جیسے لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  سانحہ مری پر اپوزیشن نے جس طرح کی منفی سیاست کی ہے اس سے انکے سیاسی و اخلاقی دیوالیہ پن کا اظہار ہوتا ہے۔  صوبائی وزیر   نے کہا کہ شیخوپورہ میں 90کروڑ  روپے کی لاگت سے رسول نگر انڈر بائی پاس اور 50 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے سیوریج سسٹم کے منصوبے بھی رواں سال میں شروع ہو جائیں گے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے پی ٹی آئی آئندہ عام انتخابات میں کلین سویپ کرکے دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔

سنگ بنیاد  کی تقریب  میں شرقپور روڈ کے تاجروں اور شہریوں نے صوبائی وزیر میاں خالد محمود اور میاں تیمور خالد و دیگر رہنماں کی آمد پر انکا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پرمیاں تیمور خالد،سردار سرفراز ڈوگر، میاں زاہد صدیق، میاں منور اقبال، ڈاکٹر محمد اسلم خان شیروانی، میاں افضال حیدر سمیت علاقہ  کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات