پی ایس ایل 7 ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 191 رنز کا ہدف

گلیڈی ایٹرز کے دونوں اوپنرز نے نصف سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 جنوری 2022 21:19

پی ایس ایل 7 ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 191 رنز ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جنوری 2022ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 7ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا ہے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ احسن علی اور پی ایس ایل میں پہلا میچ کھیلنے والے وِل سمیڈ نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی۔

سمیڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی ، احسن خان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 155 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر سمیڈ عثمان قادر کو چھکا مارنے کی کوشش میں 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73رنز بناکر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے ،بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے عثمان قادر کی دوسری وکٹ بن گئے۔

(جاری ہے)

افتخار احمد 8رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نوجوان سمیڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 97رنز کی اننگز کھیلی، وہ اننگز کی آخری گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے۔ پچ رپورٹ کے مطابق آج کے میچ کی وکٹ گزشتہ روز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ سے زیادہ خشک ہے اور اس وکٹ کے زیادہ ٹرن ہونے کا امکان ہے۔

میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم کو کپتان وہاب ریاض اور افغانستان کے جارح مزاج اوپنر حضرت اللہ زازئی کی خدمات حاصل نہیں ہیں، یہ دونوں ہی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 18 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 8 میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 9 میں پشاور زلمی نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد(کپتان)، وِل اسمیڈ، احسن علی، بین ڈکٹ، افتخار احمد، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فالکنر، عاشر قریشی، محمد حسنین، نسیم شاہ پر مشتمل ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں شعیب ملک(کپتان)، ٹام کوہلر کیڈمور، یاسر خان، حیدر علی، حسین طلعت، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، سہیل خان، پیٹ براؤن، ثمین گل اور عثمان قادر شامل ہیں ۔