کشمیری مودی کے دورے کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں گے

ہفتہ 23 اپریل 2022 14:04

کشمیری مودی کے دورے کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں گے
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے موقع پرناجائز بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر (آج) مکمل ہڑتال کی جائے گی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم کو یہ واضح پیغام دینے کے لیے دی گئی ہے کہ کشمیری اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔

مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آزاد جموںو کشمیر اور دنیا بھر کے اہم دارلحکومتوں میں تارکین وطن کشمیری مقبوضہ جموںکشمیرمیں گھنائونے بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔

(جاری ہے)

قابض بھارتی انتظامیہ نے نریندر مودی کے دورے سے قبل نام نہاد حفاظتی اقدامات کے نام پر مقبوضہ علاقے بالخصوص جموں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارتعینات کر دیے ہیں۔

فورسز اہلکارتمام بڑے شہریوں اور قصبوں کے علاوہ سرینگر جموںشاہراہ پر گاڑیوں اور مسافروں کی مسلسل تلاشی لے رہے ہیں۔ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اونچی عمارتوں پرماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈرون کیمرے اورسراغ رساں کتے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں ۔بھارتی پولیس نے سری نگر کے مختلف علاقوں سے متعدد موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی ہیں۔

دریں اثنا کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بھارتی فوجی روز معصوم نوجوانوں کو قتل کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارتی فوجیوں نے صرف پچھلے تین دنوں کے دوران سات نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی اپنے دورے کے ذریعے دنیا کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ علاقے میں حالات بالکل ٹھیک ہیں۔