صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی کی ملاقات

منگل 10 مئی 2022 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2022ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے منگل کو یہاں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ صدارتی سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سینیٹ مسئلہ کشمیر کو اْٹھانے میں پہلے بھی موثر کردار ادا کرتی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سلسلے میں اب بھی یہ اہم ادارہ اپنا کردار ادا کرے گا، بھارت کے پانچ اگست 2019کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات اْٹھانے شروع کر دیئے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں بیالیس لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چار ہزار سے زائد بھارتی سرمایہ کاروں کو وہاں کاروبار کے بہانے آباد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا ایسے موقع پر پاکستان کے سینیٹ کو اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اْٹھانے کے لئے اقدامات کرنے چاہیے۔ اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اْجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے امریکی رکن کانگریس الہان عمر، صدر ریاست کے او آئی سی کے دورے اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس سمیت او آئی سی کشمیر کنٹیکٹ گروپ کے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اْجاگر کرنے کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد کشمیر نے کہا کہ میں نے او آئی سی کی خصوصی دعوت پر او آئی سی ہیڈ کوارٹر جدہ کا دورہ کیا اور وہاں پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور دیگر اعلیٰ عہدیدارن سے ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر انہیں بریفنگ دی۔