لانگ مارچ کو روکنے کے لیے حکومتی حکمت عملی’پیٹرول کی ترسیل بند‘کئی شہروں میں موبائل فون سروس اور ”اے ٹی ایم“ بند ہونے کی اطلاعات

امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کے لیے فوج کو طلب نہیں کیا جارہا. وفاقی وزارت داخلہ‘پیٹرول پمپس پر مخصوص مقدار سے زیادہ تیل نہیں دیا جارہا ہے‘لاہور میں صرف دو دن کا تیل ہے. نجی ٹی وی کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 مئی 2022 01:02

لانگ مارچ کو روکنے کے لیے حکومتی حکمت عملی’پیٹرول کی ترسیل بند‘کئی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی۔2022 ) تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے حکومتی حکمت عملی پر عمل درآمد کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل شروع ہو گیا ہے اور موٹرسمیت قومی شاہراہ کے متعددسیکشن بند کردیئے گئے ہیں. اسلام آبادریڈزون کنٹینرزلگا کر سارے راستے بند کردیئے ہیں صرف کشمیر روڈ سے ریڈزون جانے کے لیے کھلا ہے جبکہ پنجاب پولیس اور سندھ پولیس سے بڑی تعداد میں نفری منگوائی گئی ہے.

(جاری ہے)

ادھر وفاقی وزارت داخلہ نے نجی ٹی وی کی خبرکی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت نے امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے فوج سے مددطلب کی گئی ہے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس اور منسٹری کے ماتحت فورسزامن وامان قائم رکھیں گے. ادھر سنیئرصحافی اور تجزیہ نگار چوہدری غلام حسین نے نجی ٹی وی پر گفتگو میں دعوی کیا کہ نوازشریف نے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کو لانگ مارچ کو طاقت سے کچلنے کے لیے براہ راست احکامات جاری کیے ہیں انہوں نے کہا کہ نون لیگ اور اتحادیوں کا پہلے دن سے انتخابات کروانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا.

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کل بھی فون کرکے پوچھا ہے کہ ”رانا صاحب تیاراو ناں“ صورتحال سے ملک کو نقصان ہوگا انہوں نے کہا انہوں نے اپنے بہت سارے کام کروانے ہیں جن میں کیسزبھی ختم کروانا ہے. انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے وزیراعظم بننے کے بعد میں نے مقتدرحلقوں کی ایک شحصیت سے سوال کیا تھا کہ حکومت کب تک چلے گی تو مجھے جواب ملا تھا4 ہفتے جمع تین ہفتے یعنی نومبر تک انتخابات کا سوچا جارہا تھا انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ اقتدار کے مزے لیں گے کل دوپہر تک انہیں پتہ لگ جائے گا.

لاہور سمیت کئی علاقوں میں بنکوں کی ”اے ٹی ایم“مشینیں بند ہونے کی اطلاعات ہیں بی بی سی کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے حوالے سے حکومتی اقدمات کے نتیجے میں عام شہریوں کی مشکلات پر آواز اٹھائی ہے اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں نہ کسی پیٹرول پمپ پر پیٹرول دستیاب ہے نہ اے ٹی ایم میں رقم ایک عام آدمی کیوں سیاسی فیصلوں کی وجہ سے تکلیف سہے؟.


ادھر پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں موٹروے پر جانے والے تمام راستے کنٹینرلگا کر بند کردیئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان سامنے آیا ہے کہ کل صبح 9بجے نیازی چوک پر تمام کارکن جمع ہونگے اور تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود کی قیادت میں روانہ ہوگا نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق روالپنڈی میں بھی راستے بند کردیئے ہیں جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے پورے ملک میں ان کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اور ہزاروں کارکن حراست میں لیے جاچکے ہیں.

نجی ٹی وی ”جیونیوز“ نے پیٹرول پمپ مالکان کی تنظیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں تیل کی سپلائی بند کرنا شروع کردی گئی ہے اور پیٹرول پمپس پر ایک خاص مقدار سے زیادہ تیل نہیں دیا جارہا ہے اس سلسلہ میں پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ ہر علاقے میں ایس ایچ او ز کی جانب سے انہیں زبانی ہدایات دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ لاہور میں صرف دو دن کے تیل کا ذخیرہ موجود ہے .


لاہور سمیت کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس slow ہونا شروع ہوگئی ہے اور ممکنہ طور پر آج صبح ملک بھر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کیئے جانے کا امکان ہے نجی ٹی وی جیونیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کوئی بھی شخص لانگ مارچ میں ضلع سے باہرنہیں نکل سکے گا اس سلسلے میں تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی اپنی گاڑی لانگ مارچ کے شرکا کو نہیں دے گا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے فیض آباد کے علاقے میں کنٹینر پہنچادیے گئے ہیں جب کہ جی ٹی روڈ پر دریائے جہلم کے پل پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں جس سے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد جانے والا راستہ بندہوگیا ہے.

جی ٹی روڈ کو اٹک خورد کے مقام پر بلاک کردیا گیا جس سے خیبرپختونخوا کا پنجاب سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اس کے علااوہ موٹروے ایم 1 کو اسلام آباد جاتے ہوئے صوابی کے مقام پر بند کیا گیا ہے لاہور میں راوی ٹول پلازہ پر بھی کنٹینرز رکھ کر بند کردیا گیا ہے .