Live Updates

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کیخلاف حکومت کے کریک ڈاون پر شاہد آفریدی کا ردعمل

طاقت کا بے دریغ استعمال، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنا، لاٹھی، گولی کی یلغار، آمریت تو ہو سکتا ہے، جمہوریت ہر گز نہیں، سابق کپتان کا سوشل میڈیا پیغام

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 مئی 2022 00:44

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کیخلاف حکومت کے کریک ڈاون پر شاہد آفریدی کا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی 2022ء) تحریک انصاف کے لانگ مارچ کیخلاف حکومت کے کریک ڈاون پر شاہد آفریدی کی جانب سے تنقید۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر ردعمل دیا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا ہے کہجمہوریت ایک روئیے کا نام ہے۔

طاقت کا بے دریغ استعمال، چادر چار دیواری کا تقدس پامال، لاٹھی، گولی کی یلغار، آمریت تو ہو سکتا ہے، جمہوریت ہر گز نہیں۔ اختلاف اور احتجاج ایک بنیادی حق ہے اور یہی حق ہم 22 کروڑ انسانوں کو ایک قوم بناتا ہے۔

(جاری ہے)

خدارا، اس ملک کو ایک جمہوری ریاست رہنے دیں۔ دوسری جانب چئیرمین تحریک انصاف کا کنٹینر اسلام آباد ٹول پلازہ سے آگے بڑھ گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بتایا کہ ہمارا مارچ ڈی چوک کی جانب گامزن ہے، راستے میں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تحریک انصاف کے کارکنوں نے راستے میں موجود تمام رکاوٹیں ہٹا دیں۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخواہ سے آنے والا طویل قافلہ اسلام آباد ٹول پلازہ کو کراس کر کے وفاقی دارالحکومت میں داخل ہو رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان ڈی چوک سے چند کلومیٹر دور رہ گئے ہیں۔

اس سے قبل چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ جب تک عام انتخابات کا اعلان نہیں ہوگا تحریک جاری رہے گی، میرے ساتھ عوام کا سمندر ڈی چوک پہنچ رہا ہے۔ پولیس نے پُرامن احتجاج پر ظالمانہ شیلنگ کی ہے، امپورٹڈ حکومت سے الیکشن کی تاریخ لینے تک احتجاج جاری رہے گا، ڈی چوک پہنچ رہا ہوں، پاکستانیوں آپ بھی پہنچیں۔

اس سے قبل انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی والے ڈی چوک پہنچنےکی پوری کوشش کریں۔

انہوں نے ٹویٹر پر لانگ مارچ میں شامل قافلے کی فوٹیج بھی جاری کی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں اور انشاءاللہ اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے۔ اس امپورٹڈ سرکار کی جانب سے جبر و فسطائیت کا کوئی بھی حربہ ہمیں ڈرا سکتاہے نہ ہی ہمارے مارچ کا رستہ روک سکتا ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق کیس کی سماعت کی، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی، عدالت نے پی ٹی آئی کو ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان گراونڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ جے یوآئی کو جو گراونڈ فراہم کیا گیا وہی پی ٹی آئی کو بھی دیا جائے،ایسا پلان دیا جائے لوگ پرامن جلسہ گاہ میں آئیں اور واپس چلے جائیں، یہ نہ ہو کہ جلسے کے بعد فیض آباد یا موٹروے بند کردی جائے۔

اسی طرح سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے کارکنان کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ جن سیاسی ورکرز اور وکلا پربڑے مقدمات نہیں ہیں، انہیں فوری رہا کردیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات