تحریک آزادیِ کشمیر کے عظیم رہنماء شیخ عبدالعزیز شہید کی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلی

جمعرات 11 اگست 2022 19:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) تحریک آزادیِ کشمیر کے عظیم رہنماءشہید عظیمت شیخ عبدالعزیزکے چودہویں یوم شہادت پر انکی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق عظیم کشمیری آزادی پسند رہنماء شیخ عبدالعزیز شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیز فائر لائن کے دونوں اطراف جلسے جلوس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

دارالحکومت مظفرآباد میں نڈر اور بیباک حریت پسند کشمیری رہنماء شیخ عبدالعزیز شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ''کل جماعتی حریت کانفرنس'' کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ برہان وانی شہید چوک میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر اپنے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ریلی میں شریک لوگوں نے شہید شیخ عبدالعزیز شہید اور دیگر شہداء کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیئے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے بھارتی فوجی قبضے اور نریندرامودی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ،ریلی سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین، شہید کے برادر اصغر محمد یعقوب شیخ، زاہد صفی، امتیاز وانی، مشتاق احمد بٹ، سید اعجاز رحمانی، گلشن احمد، زاہد اشرف پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، معروف عالم دین عبدالعزیز علوی، ماس موومنٹ کے فاروق احمد فردوس،پیپلز پارٹی کے رہنماء شوکت جاوید میر، ریفیوجی ایکشن کمیٹی کے صدر گوہر کشمیری، مزمل اسلم، محمد یونس میر، قاری مقبول الرحمان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شہید عزیمت کا چودہواں یوم شہادت اس عزم اور عہد کے طور پر منایا جا رہا ہے کہ جب تک شہید کے خواب کی تعبیر آزادی کو حاصل نہیں کرلیا جاتا اس وقت تک جدوجہد آزادی کو جاری رکھا جائے گا۔

مقررین نے آزادی، حق خودارادیت اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیئے شہید عظیمت کی لازوال، انتھک اور بے مثال جدوجہد پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ جب 2008 میں جموں کے ہندو بلوائیوں نے کشمیری تاجروں کے راستے روک کر کشمیر کی ناکہ بندی کرکے وادی کا معاشی بائیکاٹ کرنے کی کوشش کی تو شہید عظیمت نے ہزاروں افراد کی قیادت کرتے ہوئے مظفرآباد چلو قافلے کی قیادت سنبھالی لی۔

شہید عبدالعزیز نے سرینگر مظفرآباد شاہراہ پر بھارتی قابضین کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہادت پائی۔ مقررین نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظالمانہ اور سفاکانہ فوجی قبضے سے آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔ ریلی کے شرکاء نے برہان وانی شہید چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا اور عبدالعزیز شہید اور دیگر شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کیلئے دعاء کی گئی۔