Live Updates

چاہوں تو آسانی سے اسلام آباد بند کر سکتا ہوں، اس حد تک نہیں جانا چاہتا

شہباز گل نے ٹی وی پر جو کہا اصغر خان کیس میں ججز کے وہی ریمارکس ہیں، تو کیا اس بات پر ججز کو بھی پکڑا جائیگا؟ عمران خان

ہفتہ 20 اگست 2022 18:38

چاہوں تو آسانی سے اسلام آباد بند کر سکتا ہوں، اس حد تک نہیں جانا چاہتا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چاہوں تو آسانی سے اسلام آباد بند کر سکتا ہوں، اس حد تک نہیں جانا چاہتا ،پاکستان کے چوروں کو پشت پناہی کرنے والے پھنس گئے ہیں، انتخابات میں جتنی تاخیر ہو گی ہماری پارٹی کو اتنا فائدہ ہوگا، یہ الٹا بھی لٹک جائیں تو مجھے نا اہل نہیں کرا سکتے،شہباز گل نے ٹی وی پر جو کہا اصغر خان کیس میں ججز کے وہی ریمارکس ہیں، تو کیا اس بات پر ججز کو بھی پکڑا جائیگا ،آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر پاکستان کو سوچنا ہوگا،سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں،سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعہ کا حوالہ دیا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے قانون ہاتھ میں لے کر کسی کو بھی قتل کر دے۔

(جاری ہے)

عمران خان سے ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسرز نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں سب کو پتہ چل گیا لیکن عوامی سپورٹ کے ساتھ بھاری ذمہ داری بھی آتی ہے، آج سوشل میڈیا پر سازش نہیں بلکہ سمت کی اصلاح دکھ رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنا چاہوں تو آسانی سے کر سکتا ہوں، لیکن یہ میرا آخری قدم ہوگا اس حد تک نہیں جانا چاہتاکیونکہ ملک کو معاشی نقصان ہو سکتا ہے، لہذا سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، پاکستان کے چوروں کو پشت پناہی کرنے والے پھنس گئے ہیں، انتخابات میں جتنی تاخیر ہو گی ہماری پارٹی کو اتنا فائدہ ہوگا، یہ الٹا بھی لٹک جائیں تو مجھے نا اہل نہیں کرا سکتے۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے ٹی وی پر جو کہا اصغر خان کیس میں ججز کے وہی ریمارکس ہیں، تو کیا اس بات پر ججز کو بھی پکڑا جائیگا پی ٹی آئی کو شہدا سے متعلق منفی مہم میں جان بوجھ کر ٹارگٹ کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ عظمیٰ بخاری سے کہیں اپنے خاوند کو پولیس کی تحویل میں دیں، جو شہباز گل سے اگلوانا ہے وہ عظمی کا خاوند اگل دیگا۔

عمران خان نے بتایا کہ پنجاب حکومت میں آنے کا مقصد قبل از وقت انتخاب اور حمزہ کو باہر کرنا تھا، پنجاب میں پولیس اہلکاروں کو تبدیل کرنا چاہا تو پیغام ملا نہیں کر سکتے۔حکومت کی میثاق معیشت سے متعلق پیشکش پر عمران خان نے جواب دیا کہ شہباز شریف سنجیدہ ہیں تو بھائی کی اربوں کی جائیداد ملک لے آئیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں عاشق رسول ؐ ہوں نبیؐسے محبت تک ایمان مکمل نہیں ہوتا، سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں وہ فتنہ ہے، میں نے اپنے انٹرویو میں سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعے کا حوالہ دیا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ قانون ہاتھ میں لے کر کسی کو بھی قتل کر دے، سیالکوٹ واقعے پر پاکستان کو جس طرح عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا وہ افسوسناک تھا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل باجوہ کی توسیع سے متعلق کچھ نہیں جانتا، ہر روز کوئی نئی کہانی سننے کو ملتی ہے، تقرری کے معاملے پر پاکستان کو سوچنا ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ نیب نے کسی کو میرے کہنے پر نہیں اٹھایا، میں نے کبھی کسی کو چینل بند کرنے یا صحافی کو ہراساں کرنے کا نہیں کہا۔اس سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ڈیل کے تاثر کو مسترد کرتا ہوں، سب کو پتہ چل گیا عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں، اسلام آباد کو بند کرنا چاہوں تو با آسانی کر سکتا ہوں، عوامی سپورٹ کے ساتھ بھاری ذمہ داری آتی ہے، پنجاب حکومت میں آنے کا مقصد قبل از وقت انتخاب اور حمزہ کو باہر کرنا تھا، ملک کو معاشی نقصان ہو سکتا ہے، سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات