Live Updates

پی ٹی آئی اور فوج میں تصادم کی سازش ہو رہی ہے، تصادم ہوا تو ملک میں خونریزی ہوگی، عمران خان کی حکومت سے بات چیت کی پیشکش مسترد

فوج ملک کو اکٹھا کرسکتی تو مشرقی پاکستان نہ ٹوٹتا، ملک کو سیاسی جماعتیں اکٹھا کرتی ہیں اور اس وقت واحد قومی جماعت تحریک انصاف ہے، چیئر مین پی ٹی آئی

ہفتہ 20 اگست 2022 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا انفلوائنسرز سے گفتگو میں حکومت سے بات چیت کی پیشکش مسترد کردی۔سوشل میڈیا انفلوائنسرز سے گفتگو میں عمران خان نے کہاکہ کرپٹ لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کرسکتا، ان لوگوں کیساتھ بیٹھنے کا مطلب کرپشن تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے، آرمی چیف کی تعیناتی پر ڈرامہ شروع ہوجاتا ہے، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ایشو بن جائے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آئے گا، فوج اکیلی ملک کو اکٹھا نہیں کرسکتی، فوج ملک کو اکٹھا کرسکتی تو مشرقی پاکستان نہ ٹوٹتا، ملک کو سیاسی جماعتیں اکٹھا کرتی ہیں اور اس وقت واحد قومی جماعت تحریک انصاف ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے، بھارتی اسرائیلی لابی میرے ہٹنے پر خوش ہوئی، قومی قیادت اسرائیلی بھارتی لابی کے پلان کے خلاف تھی۔انہوںنے کہاکہ مسئلے کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں اور آئندہ انتخابات کی ٹکٹیں خود دوں گا۔پنجاب حکومت کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہاکہ پنجاب حکومت صرف حمزہ شہباز کو ہٹانے کیلئے حاصل کی، وہ ہمارے لوگوں کے خلاف کارروائی کررہا تھا۔

انہوںنے کہاکہ پولیس حکام کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو چڑیا گھر سے کال آجاتی ہے۔شہباز گل کے حوالے عمران خان نے کہاکہ فاشزم کی کلاسک مثال شہباز گل کا کیس ہے، پولیس کہہ رہی ہے کہ شہباز گل پر ہم نے تشدد نہیں کیا تو پھر کس نے کیا ، شہباز گل نے اصغر خان کیس فیصلے سے ہٹ کر تو کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ سازش ہورہی ہے پی ٹی آئی اور فوج میں تصادم ہو، اگر تصادم ہوا تو ملک میں خونریزی ہوگی، ہم سے نیوٹرلز اس مافیا حکومت کو تسلیم نہیں کراسکتے۔

شہباز شریف کی پیش کش پر سابق وزیراعظم نے کہاکہ چارٹر آف اکانومی ایک فراڈ ہے، چارٹر آف اکانومی چاہتے ہیں تو اپنی باہر والی جائیدادیں واپس لائیں۔انہوں نے کہا کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ایک تعیناتی کی وجہ سے ملک میں یہ سب ہورہا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی لگانے کا اختیار وزیر اعظم کا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات