Live Updates

سب سے زیادہ سینچریاں اسکور کرنے والا پاکستانی کپتان

ڈھائی سال کی کپتانی میں بابر اعظم نے پاکستان کے تمام کپتانوں کو پیچھے چھوڑ دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 ستمبر 2022 01:04

سب سے زیادہ سینچریاں اسکور کرنے والا پاکستانی کپتان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2022ء) سب سے زیادہ سینچریاں اسکور کرنے والا پاکستانی کپتان، ڈھائی سال کی کپتانی میں بابر اعظم نے پاکستان کے تمام کپتانوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کئی ریکارڈ اپنے پیروں تلے روند ڈالے۔ بابر اعظم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعرات کی شب کھیلے گئے میچ میں سینچری اسکور کرنے کے بعد سب سے زیادہ سینچریاں اسکور کرنے والے پاکستانی کپتان بن گئے۔

بابراعظم جمعرات کو کراچی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 110رنز بنا کرناقابل شکست رہے۔ انگلینڈ کیخلاف بابر اعظم کی سینچری بطور کپتان ان کی 10 ویں سینچری تھی، یوں انہوں نے انضمام الحق کا بطور کپتان 9 سینچریوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

(جاری ہے)

بطور پاکستانی کپتان سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والوں کی فہرست میں مصباح الحق 8 سینچریوں کے ساتھ تیسرے، عمران خان 6 سینچریوں کے ساتھ چوتھے جبکہ اظہر علی 5 سینچریوں کے ساتھ 5 ویں نمبر پر ہیں۔

جبکہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے، بابراعظم نے اس سے قبل 2021میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں 122رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مجموعی طورپر ٹی ٹونٹی میچز میں تیز ترین 8ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ بابراعظم نے 227میچز کی 218اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ کرس گیل نے 217میچز کی 213اننگز میں 8ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر کے تاریخ رقم کی تھی اوربھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے 243اننگز میں 8ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات