نواز شریف کا ملتان کے ضمنی الیکشن میں علی موسیٰ گیلانی کی جیت پر خوشی کا اظہار

این اے 157 ملتان کے ضمنی الیکشن میں علی موسیٰ گیلانی نے شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کو شکست دی تھی

جمعرات 20 اکتوبر 2022 16:58

نواز شریف کا ملتان کے ضمنی الیکشن میں علی موسیٰ گیلانی کی جیت پر خوشی ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2022ء) مسلم لیگ (ن )کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے حالیہ ضمنی انتخابات میں این اے 157 ملتان سے پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔(ن) لیگ کے قائد نواز شریف نے مشیر وزیراعظم ملک عبدالغفار ڈوگر کو ٹیلی فون کیا اور این اے 157 میں علی موسیٰ گیلانی کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ملک عبدالغفار کے مطابق نواز شریف کے مطابق لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے بہترین انتخابی مہم چلائی، ن لیگ نے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی کو سپورٹ کیا۔یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں این اے 157 ملتان سے حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار علی موسیٰ گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کو شکست دی تھی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یوسف رضا گیلانی کو فون کر کے علی موسیٰ گیلانی کی جیت پر مبارکباد پیش کی تھی۔