پاکستان میں سیلاب متاثرین کو صاف پانی فراہم کیا جائے ، پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہماری مدد کی جائے،سردار مسعود

پیر 24 اکتوبر 2022 22:34

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2022ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر سر دارمسعود خان نے کہاہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کو صاف پانی فراہم کیا جائے اور ان کو پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہماری مدد کی جائے،پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا تاہم لوگوں کے پاس پینے کیلئے صاف پانی نہیں ہے، پینے کے صاف پانی کی قلت اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے،پاکستان میں لاکھوں سیلاب زدگان کی بحالی اور ان کو روزگار کی فراہمی کے لئے ہمیں عالمی برادری کی فوری اور مسلسل حمایت کی ضرورت ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار ورجینیا میں انسانی ضروریات فاؤنڈیشن (ہیومن نسیسیٹی فاؤنڈیشن ) کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقوم اکھٹا کرنے کیلئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ انسانی ضروریات فاؤنڈیشن خیراتی غیر منافع بخش تنظیم ہے جو سولر واٹر پلانٹس کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے،فاؤنڈیشن نے اب تک 700 فلٹریشن پلانٹس لگائے ہیں جن سے ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

فاؤنڈیشن کی سینئر ڈائریکٹر فوزیہ قصوری اور دیگر کمیٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے اس تقریب کو منعقد کرنے سے آپ ان کی فوری ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر روشنی ڈالی۔سفیر پاکستان نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں جو کیلیفورنیا کی آبادی سے زیادہ ہیں جبکہ 95000 مربع میل کا علاقہ زیر آب آیا ہے جو کولوراڈو کے علاقے سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھیاسٹھ لاکھ افراد کو فوری توجہ کی ضرورت ہے۔سفیر پاکستان نے پاکستان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے دوران فراخدلانہ تعاون پر اقوام متحدہ، عالمی برادری ، امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔سر دار مسعود خان نے خاص طور پر امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی سخاوت کی تعریف کی جو سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں دل کھول کر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی ، معاشی ضروریات کو پورا کرنا ا ور تعمیر نو اصل چیلنج ہے اور اس حوالے سے ہمیں آپ کے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم دوستوں، مخیر حضرات اور خاص طور پر پاک امریکن کمیونٹی کی سخاوت کے منتظر ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کا ساتھ دینے میں فراخ دلی سے کام لیتے رہے ہیں۔

مسعود خان نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے تعمیری کردار اور امریکی معاشرے میں تیزی سے ترقی پر انکوسراہا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کا اولاً امریکی اقتصادی شعبے میں شامل ہونا اور اب سیاسی منظر نامے میں کامیابی سے شامل ہونا متاثر کن ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ دس لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی نڑاد امریکی ،پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔سر دار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔سفیر پاکستان نے شرکاء پر زور دیا کہ پاکستانی قوم کی مشکلات سے ابھرنے اور ملک کو ترقی اور کامیابی کے رستے پر گامزن کرنے کی صلاحیت پر یقین رکھیں۔