خواتین اور نوجوانوں کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کیلئے 12دسمبر کو پورے آزاد کشمیر میں ایک روز شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ

جمعہ 9 دسمبر 2022 16:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) آزادکشمیر میں اکتیس سال بعد جماعتی بنیادوں پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے کامیاب ترین تیسرے مرحلے کے بعد خواتین اور نوجوانوں کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کیلئے 12دسمبر کو پورے آزاد کشمیر میں ایک روز شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ ،جبکہ انتخابی عذردارریو کی سماعت کیلئے پہلے سے الیکشن ٹریبونلز قائم کر دیئے گئے ہیں ۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبد الرشید سلہریا کو کامیاب بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروانے پر مبارکباد پیش کرنے کی خاطر تمام مکاتب فکر کے زعماء کی بڑی تعداد نے الیکشن کمیشن جا پہنچی۔ مبارکباد پیش کرنے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار اسمبلی و مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر ،پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے نوجوان رہنما چوہدری مراد علی اور ممتاز ماہر آئین قانون کرم داد خان ایڈووکیٹ سمیت دیگر افراد شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن سردار غضنفر ،الیکشن کمشنر ،اسسٹنٹ سیکرٹری اسد علی قریشی بھی موجود تھے ۔چیف الیکشن کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا میں اپنے رب العزت کے بعد عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کے ثابت کر دیا کہ وہ جمہوریت پسند پرامن اور اپنے حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں ۔انھوں نے کہا بارہ دسمبر کو پورے آزاد کشمیر کیلئے مخصوص نشستوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا تاکہ منتخب نمائندگان بلدیاتی اداروں کی ذمداریاں سنبھال کر عوامی خدمت اور تعمیر وترقی معاشرتی فلاح انسانیت میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

ملاقات کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر نے نا مساعد حالات میں پیپلزپارٹی کی جانب سے انتخابات کے انعقاد اور عوام رابط مہم میں کلیدی کردار ادا کرنے سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل پر بھی تفصیل سے آگاہ کیا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا پیپلزپارٹی آزاد کے صدر چوہدری محمد یاسین ،قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پیپلزپارٹی عوامی حقوق اور جمہوری نظام کے استحکام میں ہراول دستے کا کردار جاری رکھے گی چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبد الرشید سلہریا نے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام اعلیٰ عدلیہ انتطامیہ میڈیا اور اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔