Live Updates

ن لیگ کا وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

ن لیگ کے 106 ارکان پنجاب اسمبلی نے عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کردئے ،تحریک عدم اعتماد سے متعلق 36 گھنٹے انتہائی اہم

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 17 دسمبر 2022 14:35

ن لیگ کا وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 17 دسمبر2022ء) مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور اسپیکر سبطین خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں ن لیگ کے 106 ارکان پنجاب اسمبلی رانا مشہور کے گھر اکٹھے ہوئے۔لیگی ارکان نے رانا مشہور کے گھر عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کر دئیے۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور اسپیکر سبطین خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور اسپیکر سبطین خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دے دی۔تحریک عدم اعتماد سے متعلق 36 گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیے گئے۔دوسری جانب آج چئیرمین پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

سنیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ جہاں سے حقیقی لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا وہیں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا جائے گا۔

تیاریاں آخری مراحل میں ہیں،لبرٹی چوک میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ عمران خان لبرٹی چوک میں اسمبلیوں کی تحلیل کا حتمی اعلان کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے حتمی مشاورت کیلئے اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختو نخوا اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ اجلاس میں ہو گا،فیصلہ یہ ہے کہ اسمبلیاں دسمبر میں ہی ٹوٹیں گی۔ہم اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لئے قرارداد کی طرف جا رہے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف دس ماہ سے الیکشن مہم کر رہی ہے،دونوں اسمبلیاں اکٹھی توڑنی ہیں یا الگ اس کا فیصلہ لیڈر شپ نے کرنا ہے۔ میری رائے ہے کہ اسمبلیاں جلد توڑ دی جائیں،اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمارا مقصد نہیں بلکہ جلد انتخابات ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات