Live Updates

جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس؛ اسد قیصر کے وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزراء اسد عمر و شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 13:08

جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس؛ اسد قیصر کے وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی و پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت ہوئی جہاں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس پر سماعت کی، اس دوران عدالت نے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزراء اسد عمر اور شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں اور کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یکم مارچ 2023ء کو سابق وزیراعظم عمران خان کی فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کے موقع پر دونوں مقامات پر توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے واقعات ہوئے، جس پر پولیس نے پی ٹی آئی قیادت اور رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مزکورہ مقدمے میں خیبرپختونخواہ پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ نجی گارڈز سمیت 29 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ رمنا ملک راشد احمد کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ (1997ء) کی دفعہ 7 سمیت تعزیرات پاکستان کی دفعہ 148، 149، 186، 353، 380، 395، 427، 435، 440 اور دفعہ 506 شامل کی گئی، ایف آئی آر میں جوڈیشل کمپلیکس کو نقصان پہنچانے میں ملوث 18 افراد، جوڈیشل کمپلیکس کے پارکنگ ایریا کو نقصان پہنچانے اور آگ لگانے میں ملوث 22 افراد اور پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر زخمی کرنے میں ملوث 19 افراد کو نامزد کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات