قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلوں میں ملوث 2 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

جمعہ 27 جنوری 2023 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2023ء) سندھ رینجرز اور پولیس نے مشتر کہ کارروائی کرتے ہوئے سپارکو روڈ مواچھ گوٹھ سے قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں میں ملوث 2 انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کے گینگسٹر کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔ ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق ملزم نوید عرف گچی عرف چھوٹو 2005 میں لیاری گینگ وار کمانڈر سا جد عرف ساجد گولیمار کے گروپ میں شامل ہوا جبکہ ملزم نوروز عرف نوں اپنے بہنوئی نوید عرف مجھی کے کہنے پر 2018 میں لیاری گینگ وار میں شامل ہوا۔

ملزم نوید عرف کچھی ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور اپنے مخالف گروپ کی 50 سے زائد ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم 2014 میں کراچی آپریشن میں گرفتاری کے ڈر سے اندرون سندھ اور ایران میں روپوش ہو گیا تھا۔ ملزم نے 2021 میں پرانا گولیمار میں اپنا علیحدہ گروپ منظم کیا۔ ملزم نوید عرف گھی کے خلاف قتل اقدام قتل اور پولیس مقابلوں کے 6 سے زائد مقدمات درج ہیں ۔

دوران تفتیش ملزمان نے اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری، ڈکیتی، موٹر سائیکل چھینے کی متعدد کاروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان نے 2011 اور 2012 کراچی کے علاقے سولجر بازار اور کلفٹن سے 3 تاجروں کو اغوا کر کے 20 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ ملزمان نے 18 جنوری 2023 کو پرانا گولیمار کے علاقے میں قبضے کی غرض سے ہوائی فائرنگ کر کے خوف و حراس پھیلایا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے علاقے کا محاصرہ کیا تاہم ملزمان تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔