مقبوضہ کشمیرمیں بے دخلی کی مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری

بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا، نعیم خان

جمعہ 3 فروری 2023 22:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی اور وہ اپنی جدوجہد اازادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں قابض انتظامیہ کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر کو ضبط کرنے اورتجاوزات ہٹانے کی نام نہاد مہم کے نام پر کشمیریوں کو جبری طور پر انکی زمینوں سے بے دخل کرنے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے یہ ظالمانہ اقدامات کشمیریوںکو محکوم رکھنے کے مذموم عزائم کا حصہ ہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے واضح کیاکہ یہ ہتھکنڈے ماضی میں بھی کشمیری عوام کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے سے روکنے میں ناکام رہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہ ہر گز کامیاب نہیں ہوں گے ۔ ادھر قابض انتظامیہ کی انسداد تجاوزات کی نام نہاد مہم کے خلاف احتجاجی مظاہروںکا سلسلہ جاری رہا ۔

مہم کامقصد کشمیریوںکو انکی زمینوں اور املاک سے جبری بے دخل کرنا ہے۔ جموں شہر کے نواحی علاقے کنجوانی بھٹنڈی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی کی قیادت میں جموں وکشمیر کسان تحریک کے ارکان نے کٹھوعہ میں احتجاج کیا۔ ضلع شوپیاں کے علاقے ناگ بل میں دکانداروں نے آج انسداد تجاوزات کی نام نہادمہم کے خلاف ہڑتال کی ۔

مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیاگیا ہے ۔حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر حمید فیاض ۔مشتاق الاسلام اوردیگر کی تصاویر والے پوسٹرز سرینگر، بارہمولہ ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں متعدد آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے چسپاں کیے گئے ہیں۔

دریں اثناء بھارتی پولیس نے آج ضلع کولگام کے علاقے میرہامہ میں 2 بچوں سمیت 6 بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ضلع جموںکے علاقے ناروال میں ایک مسلم سرکاری اسکول ٹیچر کو بھی گرفتار کیا۔ نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں نے پولیس اور پیراملٹری فورسزکے اہلکاروں کے ہمراہ آج برزلہ، جواہر نگر، نٹی پورہ اور سرینگر کے دیگر علاقوں میں گھروں پرچھاپے مارے اورلوگوںکو ہراساں کیا۔قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج مسلسل گھر میں نظر بند رکھا اور انہیں مسلسل 180ویں مرتبہ جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ میرواعظ 05اگست 2019سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں۔