Live Updates

پی ڈی ایم قوم پر رحم کرے، اقتدار سے فوری علیحدہ ہو جائے ، شاہ محمود قریشی

حکمران ملک کو تباہی کے دہانے پرلے جا رہے ہیں، عمران خان نے ملک بچانے کے لئے 2صوبائی حکومتوں کی قربانی دی ،وفاقی حکومت اقتدار کو طول دینے کے لئے ملک اور قوم کو مشکل میں ڈال رہی ہے،فی الفور عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، جمہوریت میں عوام سب سے بڑی طاقت ہیں،عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے مینڈیٹ کی حامل کونسی سیاسی جماعت ہے،صرف عوامی مینڈیٹ کی حامل جماعت ملک کی بہتری کیلئے ٹھوس فیصلے کرسکتی ہے،پی ڈی ایم حکومت نے 9ماہ میں عوام کی بھلائی کیلئے کونسا اچھا فیصلہ کیا، اجلاس سے خطاب

اتوار 19 فروری 2023 21:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم قوم پر رحم کرے، اقتدار سے فوری علیحدہ ہوجائے، حکمران ملک کو تباہی کے دہانے پرلے جا رہے ہیں، عمران خان نے ملک بچانے کے لئے 2صوبائی حکومتوں کی قربانی دی ،وفاقی حکومت اقتدار کو طول دینے کے لئے ملک اور قوم کو مشکل میں ڈال رہی ہے،فی الفور عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، جمہوریت میں عوام سب سے بڑی طاقت ہیں،عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے مینڈیٹ کی حامل کونسی سیاسی جماعت ہے،صرف عوامی مینڈیٹ کی حامل جماعت ملک کی بہتری کیلئے ٹھوس فیصلے کرسکتی ہے،پی ڈی ایم حکومت نے 9ماہ میں عوام کی بھلائی کیلئے کونسا اچھا فیصلہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 21 میں پی ٹی آئی رہنما شیخ تاج محمد کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی ملک رستم فرید نعیم قریشی اعجاز راجہ صدیق چنا طیب قریشی عبداللہ انصاری اور پی ٹی آئی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا عمران خان صرف ساڑھے تین سال اقتدار میں رہے،اگر انہیں مدت پوری کرنے دی جاتی تو ملک کا نقشہ تبدیل ہو جاتا۔

انہوںنے کہاکہ پی پی،ن لیگ ایک طویل عرصہ ملک پر اقتدار میں رہے۔40سال تک اقتدار پر فائز رہنے والی جماعتیں ساڑھے تین سال حکومت میں رہنے والے سے کس طرح حساب مانگ سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی پی ن لیگ کی کرپشن اور نا اہلی کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، تجربہ کار ٹیم نے معیشت سدھارنے کی بجائے 9ماہ میں معیشت کا بھٹہ بھٹا دیا ہے، مہنگائی سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انہوںنے کہاکہ صنعت کار ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہیں، صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔ 25لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوئے ہیں، سٹاک مارکیٹ مندے کا شکار ہے، ڈالر نا پید ہے،پیسے کی قدر روز بروز کم ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ کاری رک چکی ہے،کوئی شخص ان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں، ان سب حالات کا ذمہ دار عمران خان نہیں بلکہ 9ماہ سے اقتدار میں فائز تجربہ کار ٹیم ہے۔

انہوںنے کہاکہ مریم بی بی کہتی ہیں میں اس حکومت کو نہیں مانتی یہ ہماری حکومت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں مریم بی بی سے سوال کرتا ہوں اس حکومت کو اقتدار میں کون لایا شہباز شریف آپ کے کیا لگتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی ناکامی اور نا اہلی کا ملبہ کسی اور پر ڈال کر بری الزمہ نہیں ہوسکتے،قوم اس مرتبہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیگی،یہ لوگ عوام کا سامنا کرنے سے کترا رہے ہیں،ان کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ کس منہ سے عوام کے پاس آئیں گے، تحریک انصاف نے الیکشن کا مطالبہ اقتدار کے لئے نہیں بلکہ ملک اور قوم کی بھلائی کے لئے کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپنی شکست مایوسی اور مقبولیت دیکھ کر ان لوگوں نے ضمنی انتخاب سے فرار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ان لوگوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اگر آپ لوگ عوام میں مقبول ہیں،عوام میں آپ کی جڑیں ہیں تو آئیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں، کون سی پارٹی مینڈیٹ کی حامل ہے،عوام کا فیصلہ آپ کو بھی قبول کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں بھی قبول کرنا ہوگا،آپ الیکشن کیطرف آئیں مقابلہ کریں،آپ جتنا الیکشن سے بھاگیں گے آپ کو آج یا کل الیکشن کروانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں عوام نے پی پی ن لیگ کی کرپشن اور نا اہلی کی بدولت انہیں مسترد کیا، اب ایک بار پھر عوام کے پاس آئے ہیں عوام کی عدالت میں آئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام 9ماہ کی کارکردگی مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں۔

قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 156 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے یونین کونسل 19میں شفقت محمود اور پی ٹی آئی رہنما امتیاز بھٹی کے جانب سے الگ الگ منعقدہ پروگرام میں شرکت کی اور بلاک کوڈ کوآرڈینیٹر ممبران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق ناظم عمر جاوید انصاری، سجاد رانجھا، عبید اللہ انصاری، وسیم عباسی، شکیل جٹ اور دیگر ہمراہ تھے، انہوں نے محمود خان کی رہائش گاہ پر لوگوں سے ملاقاتیں کی۔

انہو ں نے یونین کونسل 52 پی پی 217 این اے 157 سجاول خان کے جانب سے منعقدہ پروگرام میں شرکت۔سجاد رانجھا، شفقت، اور حاجی جعفر خان اور دیگر ہمراہ تھے۔ انہوں نے حلقے میں وفات پا جانے والی شخصیات کی رہائش گاہوں پر مرحومین کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات