Live Updates

پاکستان کو پاتال سے بچائیں، عمران خان کا لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کی گرفتاری پر ردعمل

امجد شعیب کی قابل مذمت گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ حکومت کی تبدیلی کی سازش کے فاشسٹ آرڈر کو بچانے کے لیے پاکستان میں جمہوریت اور آزادی کو مکمل طور پر تباہ کیا جا رہا ہے،وقت آگیا ہے کہ ہر پاکستانی حقیقی آزادی کے لیے اٹھ کھڑا ہو۔عمران خان کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 27 فروری 2023 16:07

پاکستان کو پاتال سے بچائیں، عمران خان کا لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی قابل مذمت گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ حکومت کی تبدیلی کی سازش کے فاشسٹ آرڈر کو بچانے کے لیے پاکستان میں جمہوریت اور آزادی کو مکمل طور پر تباہ کیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہر پاکستانی حقیقی آزادی کے لیے اٹھ کھڑا ہو۔پاکستان کو پاتال سے بچائیں۔
۔ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ اسلام آباد کی عدالت نے لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام میں گرفتار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو ایف ایٹ کچہری پیش کہا گیا تھا جہاں اسلام آباد پولیس نے امجد شعیب کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کے وکیل کی جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور امجد شعیب کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کردی۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب پر مقدمہ ان کے ٹی وی انٹرویو کی بنیاد پر بنایا گیا، مقدمہ مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ امجد شعیب نے عوام میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، اس مقدمے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر نے معروف تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کو قابل شرم قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ امجد شعیب کی گرفتاری صرف قابل مذمت نہیں بلکہ نظام انصاف کے لئے قابل شرم بھی ہے کیوں کہ ایک ٹی وی شو میں اینکر کے سوال کا جواب دیکر امجد شعیب صاحب گرفتار ہو گئے، میں نے ایف آئی آر کو غور سے پڑھا ہے اور مجھے یقین ہے کہ کچھ دنوں کے بعد سوال کرنے والے اینکروں کی گرفتاریاں بھی شروع ہو جائیں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات