صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کی امید نہیں

آئین پر عمل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ہونے چاہیے لیکن خبر یہ ہے کہ الیکشن نہیں ہونا،خبر یہ بھی ہے کہ جن ججوں نے الیکشن کا فیصلہ دیا ان کے لیے دعا کرنی چاہیے ۔سینئر صحافی حامد میر کا تجزیہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 مارچ 2023 16:11

صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کی امید نہیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین- ۔03 مارچ ۔2023 ) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے مجھے صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کی امید پہلے تھی نہ اب ہے۔92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا آئین پر عمل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ہونے چاہیے لیکن خبر یہ ہے کہ الیکشن نہیں ہونا۔خبر یہ بھی ہے کہ جن ججوں نے الیکشن کا فیصلہ دیا ان کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

حامد میر نے کہا الیکشن میں ہر قسم کی رکاوٹ آ سکتی ہے اور ہر نوعیت کی رکاوٹ آئے گی۔وزیراعظم بھی اسمبلی توڑ کر الیکشن کی تاریخ دیکھ کر راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کو اس کا فائدہ نہیں۔پاکستان کی اندرونی صورتحال مسئلہ نہیں ارد گرد کچھ واقعات بھی بڑا مسئلہ ہے ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی کی تاریخیں تجویز کر دیں۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے۔اجلاس میں ممبران اور سینئر افسران نے شرکت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کا مجوزہ انتخابی شیڈول تیار کر لیا۔ الیکشن کمیشن نے مئی کے آغاز میں پنجاب کے انتخابات کرانے کا مجوزہ پلان تیار کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آج صدر کو مجوزہ شیڈول بھجوانے کا امکان ہے۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے تیس اپریل سے 7 مئی تک تاریخیں تجویز کردیں۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے خط صدر مملکت کو ارسال کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے تاریخ کے بعد آئینی فرائض کے لیے تیار ہیں۔گورنرخیبرپختونخوا کو بھی مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔ گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کیلئے صدر مملکت کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔جمعرات کوچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے صدر مملکت کے ساتھ مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔