Live Updates

سازشی کرداروں سے مکمل نجات نہیں ملی‘ سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئندہ ہونے دیں گے، مریم نواز

ووٹ کی عزت کیلئے ترازو کے پلڑے برابر کرنے کی فیصلہ کن جدوجہد جاری ہے‘ آر ٹی ایس کی جگہ بابا رحمتے کے چیلوں نے لے لی۔ چیف آرگنائزر ن لیگ ن کی لاہور ڈویژن کے اجلاس میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 مارچ 2023 17:09

سازشی کرداروں سے مکمل نجات نہیں ملی‘ سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئندہ ہونے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 مارچ 2023ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدراورچیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سازشی کرداروں سے مکمل نجات نہیں ملی، سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئندہ ہونے دیں گے، الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے لاہور ڈویژن کا اجلاس چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں رانا ثنااللہ، رانا تنویرحسین، رانااقبال، ڈویژنل صدر شریک ہوئے، اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ الیکشن لڑیں گےاورجیتیں گے، سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئندہ ہونے دیں گے، سازشی کرداروں سے مکمل نجات نہیں ملی ہے، ووٹ کی عزت کیلئے ترازو کے پلڑے برابر کرنے کی فیصلہ کن جدوجہد جاری ہے، آر ٹی ایس کی جگہ بابا رحمتے کے چیلوں نے لے لی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف شیر لیڈر ہے جو کارکنوں کی ڈھال بنا تھا، دوسری جانب زمان پارک کے گیدڑ کو دیکھ لو جوعورتوں، بچوں کوڈھال بنائے ہوئے ہے، نواز شریف جھوٹے مقدمات میں بیٹی کے ساتھ جیل چلا گیا، یہ ہوتی ہے بہادری، ایک گیدڑ زمان پارک سے عدالت جانے سے ڈرتا ہے۔

گزشتہ روز شیخوپورہ فیض پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پولیس کیوں گرفتار کرنے پہنچی ہے سوچو، بچہ جب سکول جانا ہوتا ہے تو زمین پر رونے لگ جاتا ہے میں نے سکول نہیں جانا، پیٹ میں درد ہوتا ہے، یہ کہتا میری ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے میں نے جیل نہیں جانا، یقین جانیں میرا لیڈر یا میرا باپ ایسا ہوتا تو میں منہ دکھانے کے قابل نہ رہتی، پلستر صرف عدالتوں میں پیشی کیلئے ہوتا ہے، آج کل ٹی وی پر بڑا روتا ہے، کہتا ہے مریم نواز کو جلسے کرنے کی آزادی ہے مجھے آزادی نہیں، میں پوچھتی ہوں کیا مریم کو یہ آزادی تم نے پلیٹ میں رکھ کر دی تھی؟ مریم نے تمہارا جبر برداشت کیا وہ تم مرد ہوکے بھی نہیں کرسکتے۔

 مریم نواز نے کہا کہ کہتا تھا نوازشریف کا اے سی اتروا دوں گا، آج اس کو دیکھو، مریم نوازتمہاری پابندیوں کو توڑتی تھی، بہادری سے نکلتی تھی، گاڑیوں کی چھتوں پر جلسے کرتی تھی، تم منجی کے نیچے سے نہیں نکلو گے تو کیا کیا جائے، اس کو کل لاہور نے مسترد کردیا کل ننھی منھی سی ریلی تھی، کل پورے لاہور کی گلیوں سڑکوں پرسنساہٹ تھی، لاہور اس لیے نہیں نکلا کیوں کہ کوئی ماں اپنا بیٹا شہید کروانے کو تیار نہیں، ظل شاہ کئی ہفتوں اس کے گھر کے باہر حفاظت کرتا رہا لیکن یہ ملا تک نہیں، جیسے ہی اس کو پتا چلا کہ ظل شاہ کی موت ایک حادثے میں ہوگئی تو گدھوں کی طرح اس کی لاش پر ٹوٹ پڑا، ظل شاہ جاتے جاتے پوری قوم کو عمران خان کا مکروہ چہرہ دکھا کرگیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات