Live Updates

وزیر داخلہ کا پولیس کو زمان پارک میں عمران خان کی اہلیہ کی رہائش گاہ کے حصے میں بھیجنے کا اعلان

جو گھر کے اندر کے لئے سرچ وارنٹ موجود ہے اس پر بھی تعمیل کی جائے گی اور اس ایریا کوبھی سرچ کرائیں کیونکہ ہمیں شبہ ہے کہ وہاں پر بھی ناجائز اسلحہ اور ممنوعہ استعمال کی چیزوں کا کافی ذخیرہ موجود ہے، وزیر داخلہ کا الزام

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 مارچ 2023 22:02

وزیر داخلہ کا پولیس کو زمان پارک میں عمران خان کی اہلیہ کی رہائش گاہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ2023ء) وزیر داخلہ کا پولیس کو زمان پارک میں عمران خان کی اہلیہ کی رہائش گاہ کے حصے میں بھیجنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں ہفتے کی شام کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنجاب پولیس نے دوسر ی لاء انفورسنگ ایجنسیز کی مدد سے ہفتہ کے روز لاہور میں نو گو ایریا کو کلیئر کیا اور سرچ وارنٹ پر عمران خان کے گھر کے بیرونی حصے کی تلاشی لی ،پولیس سرچ وارنٹ ہونے کے باوجود رہائشی پورشن جہاں ان کی اہلیہ محترمہ موجود تھیں اس ایریا میں داخل نہیں ہوئی ۔

جو گھر کے اندر کے لئے سرچ وارنٹ موجود ہے اس پر بھی تعمیل کی جائے گی اور اس ایریا کوبھی سرچ کرائیں کیونکہ ہمیں شبہ ہے کہ وہاں پر بھی ناجائز اسلحہ اور ممنوعہ استعمال کی چیزوں کا کافی ذخیرہ موجود ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پورشن کے باہر کے حصے سے تقریباً65کے قریب ایسے لوگ ملے ہیں جن کی اکثریت کا تعلق پنجاب سے نہیں ہے اور ان میں سے اکثرکا ریکارڈ بڑا مشکوک نظر آرہا ہے اور جیسے جیسے تصدیق ہو گی یہ چیزیں بھی قوم کے سامنے رکھی جائیں گی یہ کس قسم کا کھلواڑ کیا جارہا تھا۔

وہاں سے کلاشنکوفیں برآمد ہوئی ہیں ،غلیلیں ، پیٹرول بم بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے اور یہ ساری چیزیں لاء انفورسنگ ایجنسیز کے خلاف استعمال ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ شخص جو بد قسمتی سے ملک کا وزیر اعظم رہا ہے اور آگے بھی بننے کا دعویدار ہے اس کا کردار کیا ہے ، وہ کس کے راستے پر ملک کی نوجوان نسل کو اور اپنی جماعت کو چلانا چاہتا ہے ، کس طرح کے اس کے خیالات ہیں ، جو چیزیں برآمد ہوئی ہے اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس کا مقصد اس ملک میں فتنہ ، انارکی اور افرا تفری پھیلانا ہے اور یہی اس کا ایجنڈا ہے ۔

گزشتہ تقریباً دس سال سے یہ اپنے ایجنڈے پر گامزن ہے ، 2014سے ہر دن اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرتا ہے ، پونے چار سال حکومت میں رہا ہے یہ آمادہ فساد رہا ہے ، یہ اس وقت کہتا تھاکہ اپوزیشن کو ختم کر دوں، مجھے اگر اختیار مل جائے تو میں پانچ سو لوگوں کو پھانسی چڑھا دوں۔ پولیس نے اپنے لوگ زخمی کرائے، انہوں نے وہاں پر ہر قسم کی مشکل برداشت کی ان کے سر پھٹے کہ عدالت کے حکم کی تعمیل کرانی ہے۔

پولیس کے لوگ تین سے چار دن نہتے جاتے رہے اور اس کا مقصد یہ تھا کہ اس فتنے کو کوئی لاش نہ ملے تاکہ یہ اپنے فساد اور فتنے کے پروگرام کو آگے نہ چلائے اور اسی وجہ سے ہم نے کوشش کی پولیس وہاں مسلح نہ جائے ۔آگے کلاشنکوفوں سے مسلح دہشتگرد شر پسند موجود تھے پولیس نے ان کا سامنا کیا لیکن ایسا دبائو بنایا کہ اسے یہ کہنا پڑا کہ میں عدالت میں پیش ہوں گا، حالانکہ پہلے یہ کہہ رہا تھاکہ میں نہیں پیش ہوں گا، میں کسی عدالت نہیں جائوں گا لیکن ہمارے دبائو کی وجہ سے اس کو ماننا پڑا کہ میں عدالت میں پیش ہوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات