چین نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا سیف ڈیپازٹ قرض رول اوور کر دیا

سیف ڈیپازٹ کی واپسی ایک سال کیلئے مؤخر کی گئی ہے،اسی ماہ چین سے مزید 30 کروڑ ڈالر بھی پاکستان منتقل ہوں گے

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 24 مارچ 2023 14:28

چین نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا سیف ڈیپازٹ قرض رول اوور کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 24 مارچ 2023ء) چین نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا سیف ڈیپازٹ قرض رول اوور کر دیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ میں ذرائع وزارت خزانہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چین نے 2 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ کی واپسی ایک سال کیلئے مؤخر کی ہے،اسی ماہ چین نے مزید 30 کروڑ ڈالر بھی پاکستان منتقل کرنے ہیں،رواں ماہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے تجاویز کرنے کے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آفس نے سعودی عرب اور یو اے ای حکام سے بھی رابطہ کیا ہے،حکام کی جانب سے ڈیپازٹ کیلئے تحریری ضمانت کی درخواست کی گئی۔ دوست ممالک سے ڈیپازٹ کی یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا،تحریری یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات آگے بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندے ایستھرپیریز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف مجموعی طورپر عام حکومتی اہداف کا تعین کرتا ہے،انتخابات کی آئینی حیثیت اوروقت کا فیصلہ پاکستانی داروں پرمنحصر ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں آئینی سرگرمیوں میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں۔ نمائندہ آئی ایم ایف نے کہا آئینی سرگرمیوں کیلئےترجیحی اخراجات اوراضافی محصولات کی گنجائش موجود ہے۔ جبکہ گزشتہ روز وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف نے سستا پیٹرولیم اسکیم پرکسی قسم کا اظہار تشویش نہیں کیا، سستا پیٹرولیم اسکیم میں بھی وہی کریں گے جو گیس سیکٹر میں کیا،ریلیف پیکج کا مسودہ تیار کرنے کیلئے6 ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔

غیرملکی ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہماری سستا گیس اسکیم پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، گیس اسکیم کی طرح ہی ہماری پیٹرولیم اسکیم ہے۔ موٹرسائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کو سو روپے سستا تیل فراہم کرنا سبسڈی نہیں۔