Live Updates

تبدیل شدہ نتائج درست کرنے کے بجائے دوبارہ گنتی کا فیصلہ چیلنج کریں گے ، حافظ نعیم الرحمن

اہل کراچی کے مینڈیٹ کا تحفظ ،سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں کراچی کو مزید تباہ و برباد نہیں ہونے دیں گے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2023 21:35

تبدیل شدہ نتائج درست کرنے کے بجائے دوبارہ گنتی کا فیصلہ چیلنج کریں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2023ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی 6یوسیز میں دھاندلی زدہ اور تبدیل شدہ نتائج کو درست کرنے کے بجائے دوبارہ گنتی کا جو فیصلہ کیا ہے اسے ہم چیلنج کریں گے ،اہل کراچی نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا تحفظ کریں گے ، دو ماہ سے زیادہ عرصے تک کوئی فیصلہ نہ کر کے الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچایا ہے اور سندھ حکومت کو پورا موقع فراہم کیا گیاکہ نتائج میں من پسند تبدیلی کی جا سکے،سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں کراچی کو مزید تباہ و برباد نہیں ہونے دیں گے ،جماعت اسلامی ہی کراچی کی حالت سدھار سکتی ہے، 18اپریل کو ملتوی شدہ نشستوں پر انتخابات میں عوام ترازو کے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے میئر کا انتخاب یقینی بنائیں،حکومت کے اعلان کے باوجود رمضان المبارک میں سحر و افطار میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں، عدالت اور نیپرا کے احکامات کے بر خلاف کے الیکٹرک کا بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر پوری کی پوری آبادی کی بجلی بند کر نا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ، عوام کو رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء راجا عارف سلطان ،انجینئر سلیم اظہر ،پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ ، ڈپٹی سیکریٹری یونس بارائی ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام لیاری سمیت جگہ جگہ احتجاج کرنے اور دھرنے دینے پر مجبور ہو رہے ہیں اور اس وجہ سے امن وامان کا مسئلہ بھی پیدا ہو رہا ہے لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسائل حل نہیں کیے جا رہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں پیپلز پارٹی کا میئر لانے میں اس کا مدد گار بن رہا ہے ، دوبارہ گنتی کے نام پر پہلے بھی جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں پیپلز پارٹی کو دے دی گئیں ، آر اوز اور ڈی آراوز کی نگرانی میں دوبارہ گنتی کے دوران سنگین بے ضابطگیاں اور الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں ،ووٹوں کے تھیلے پھٹے ہوئے اور سیل شدہ لفافوں کی سیلیں ٹوٹی ہوئی نکلیں اور اصل فارم12کے بغیر دوبارہ گنتی کرائی گئی ، ہماری تمام شکایات اور الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ، اب مزید 6یوسیز پر دوبارہ گنتی کا حکم دے کر ایک بار پر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا جا رہا ہے ، ان تمام یوسیز کے تصدیق شدہ اور دستخط شدہ فارم 11ہمارے پاس موجود ہیں ، یہ نشستیں کئی ہزار کے فرق سے ہماری جیتی ہوئی ہیں ، ہماری واضح درخواست موجودتھی کہ ان کے نتائج میں تبدیلی کی گئی ہے ۔

نتائج درست کیے جائیں اور فارم 11کے مطابق جاری کیے جائیں ،الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنے میں دو ماہ سے زیادہ عرصہ لگادیا اور نتائج درست کرنے کے بجائے دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ ان 6یوسیز میں 66اسٹیشن پر نتائج تبدیل کر کے دھاندلی کی گئی ہے ، ان اسٹیشن کے آر اوز کو طلب کیا جائے لیکن 12یا 15آراوز کو بلایا گیا اور ان میں سے کچھ غیر متعلقہ اسٹیشن کے آراوز تھے ، 22فروری کو چیف الیکشن کمشنر نے واضح طور پر کہا تھا کہ ہم ان 66اسٹیشن کے آر اوز اور ڈ ی آراوز کے خلاف کارروائی کریں گے لیکن اب جو فیصلہ آیا ہے اس میں ان 66اسٹیشن کا کوئی ذکر تک نہیں ہے اس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا ساتھ دے رہا ہے اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو غصب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، جماعت اسلامی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی ۔

عوام کے حق کے لیے ہر قسم کے آئینی و قانونی اور جمہوری طریقے اختیار کریں گے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات