20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3100 روپے سے بھی اوپر چلی گئی

ایک جانب مفت آٹے کی تقسیم جاری تو دوسری جانب آٹا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہونے لگا، صرف ایک ماہ میں آٹھے کے تھیلے کی قیمت تقریباً 1900 روپے بڑھ گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 1 اپریل 2023 20:50

20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3100 روپے سے بھی اوپر چلی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اپریل 2023ء) 20 کلو آٹا کے تھیلے کی قیمت 3100 روپے سے بھی اوپر چلی گئی، ایک جانب مفت آٹے کی تقسیم جاری تو دوسری جانب آٹا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہونے لگا،  صرف ایک ماہ میں آٹھے کے تھیلے کی قیمت تقریباً 1900 روپے بڑھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،رواں ماہ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 120 روپے سے لے 1865 روپے تک مہنگا ہوا۔

جمعہ کو ادارہ شماریات نے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت کے اعدادوشمار جاری کردیئے ،مارچ کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1865 روپے تک مہنگا ہو گیا ، ملک میں سب سے مہنگا آٹا وفاقی دارالحکومت میں فروحت کیاگیا،اسلام آباد میں مارچ کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1865 روپے تک مہنگا ہوا 2 مارچ کو اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1295 روپے تک دستیاب تھا، اس وقت اسلام آباد میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار 160 روپے تک میں دستیاب رہا،دوسرے نمبر پر مہنگا آٹا راولپنڈی کے شہری خریدنے پر مجبور ہوئے ،رواں ماہ کے دوران راولپنڈی میں آٹا کا 20 کلو کا تھیلا 1838 روپے تک مہنگا ہوا، راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار 133 روپے تک فروحت ہوا ،رواں ماہ بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1398 روپے تک مہنگا ہوا،بہاولپور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2693 روپے تک پہنچ گئی ،رواں ماہ لاہور میں 20 کلو کا تھیلا 1021 روپے تک مہنگا ہوا، لاہور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 2316 روپے تک پہنچ گئی ، 2 مارچ تا 30 مارچ فیصل آباد سرگودھا میں آٹا 1020 روپے تک مہنگا ہوا ،فیصل آباد، سرگودھا میں 20 کلو کا تھیلا 2315 روپے تک پہنچ گیا،حیدر آباد میں مارچ کے دوران آٹے کا تھیلا 820 روپے تک مہنگا ہوا ، حیدر آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 2780 روپے پہنچ گئی ،مارچ کے دوران پشاور میں آٹے کا تھیلا 600 روپے ، ملتان 453 روپے تک مہنگا ہوا بنوں میں آٹے کا تھیلا 350 روپے ، کوہٹہ 250 روپے گوجرانوالہ میں 467 روپے مہنگا ہوارواں ماہ لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 120 روپے، خضدار میں 130 تک مہنگا ہوا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مارچ کا ماہ ختم ہونے کے بعد ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں مہنگائی کی شرح میں3.72فیصد کا اضافہ ہوا ، یوں گزشتہ ماہ میں افراط زر کی شرح 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر آ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق فروری 2023 میں افراط زر کی شرح31.5فی صد کی بلند ترین سطح پر تھی جس کے بعد اگلے ہی مہینے مارچ میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس مارچ کے مہینے میں افراط زر کی شرح12.7 فیصد تھی۔ جبکہ رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مہنگائی کی شرح 27.26 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ مارچ 2023 کے دوران شہروں میں مہنگائی کی شرح 33 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 38.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں فروٹ، سبزیاں، مشروبات، آٹا، گندم، گھی اور خوردنی تیل مہنگا ہوا، کپڑے، گھریلوسامان، گاڑیاں، بجلی، برقی آلات، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی آسمان کی بلندی پر پہنچ گئی ہیں۔

جبکہ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 47.28 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ ہفتے میں 11اشیاء سستی اور 17 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ انڈے 17روپے 26پیسے فی درجن، مٹن 35روپے 67پیسے ، کیلے 16روپے 32پیسے فی درجن ، چینی ایک روپے 85پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی ہے۔

ایک ہفتے میں آٹے کا 20کلو تھیلا 40 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا۔ چائے کا 190گرام پیکٹ 8 روپے 98پیسے مہنگا ہوا۔ باسمتی چاول 2 روپے 17پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ۔حالیہ ہفتے میں بیف 7 روپے 28پیسے، لہسن 2روپے 84 فی کلو مہنگے ہوگئے ہیں۔پیاز 19روپے 76پیسے ، برائلر مرغی 44روپے 38پیسے، ٹماٹر 10روپے 28 پیسے فی کلو، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 12 روپے 12پیسے سستے ہوئے۔