آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکشمیریوں کی ترجمانی کرکے کشمیریوں کے حوصلوں کو تقویت بخشی، محمود احمد ساغر

پیر 1 مئی 2023 11:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکشمیریوں کی ترجمانی کرکے کشمیریوں کے حوصلوں کو تقویت بخشی،آرمی چیف نے جس طرح کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا اور مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا قابل تعریف ہیں ۔

پیر کو جنرل سیکرٹری شیخ عبدلمتین، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کے ساتھ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے موقف کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے جنرل عاصم منیر کے پختہ عزم اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ان کی حمایت کو سراہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے فعال کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے کشمیریوں کی ترجمانی کرکے کشمیریوں کے حوصلوں کو تقویت بخشی، آرمی چیف نے جس طرح کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا اور مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا قابل تعریف ہیں جس کے لئے کشمیری عوام آرمی چیف کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف باقائدگی سے مسئلہ کشمیر کو جنوبی ایشیا کے لئے خطرہ قرار دیکر فوری حل کرنے پر زور دیتے رہے ہیں جس کے لئے عالمی برادری کو نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے بیانات سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن کو یقینی بنانے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔