Live Updates

میرے پاس فیض حمید کے خلاف ثبوت تھے

عمران خان بغیر ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں،جتنا سنگین الزام ہو ثبوت نہ ہو تو عدالت میں بے معنی ہے۔سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 9 مئی 2023 11:39

میرے پاس فیض حمید کے خلاف ثبوت تھے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 مئی 2023ء ) سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ ان کے پاس سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے خلاف ثبوت تھے، عمران خان بھی ثبوت لائیں۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بغیر ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں۔سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی نے مزید کہا کہ عمران خان محض فوج کے اعلیٰ افسر کو بدنام نہیں کر رہے بلکہ وہ پورے ادارے کو بدنام کر رہے ہیں۔

سابق جج نے کہا کہ سرخ دائرہ لگانے کی بات عمران خان نےخود کی تھی۔جتنا سنگین الزام ہو ثبوت نہ ہو تو عدالت میں بے معنی ہے۔دوسری جانب عمران خان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ آئی ایس پی آر نے بیان دیا ہے کہ ادارے کی توہین کردی فوج کی توہین کردی، ڈی جی آئی ایس پی آر صاحب! عزت صرف ایک ادارے کی نہیں قوم میں ہر شخص کی ہونی چاہیے، اس وقت قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں، قوم مجھے جانتی ہے مجھے کوئی جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے، جب کوئی ادارہ اپنے دو نمبر لوگوں کو پکڑتا ہے تو وہ ادارہ مضبوط ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عزت صرف ایک ادارے کی نہیں قوم میں ہر شخص کی ہونی چاہیئے، میں صرف ایک افسر کا نام لیا جس نے دو بار مجھے قتل کرنے کی کوشش کی اور جب بھی انویسٹی گیشن ہوگی میں یہ ثابت کروں گا کہ یہ وہ آدمی تھا اور اس کے ساتھ ایک پورا ٹولہ ہے، سوشل میڈیا کے دور میں سب کو پتہ ہے وہ کون ہے، سوال میرا یہ ہے کہ اگر اس آدمی کا نام آگیا تو کیا میں اس ملک کا سابق وزیراعظم اپنی ایف آئی آر بھی نہیں کٹوا سکتا؟ سچ اور جھوٹ کا اس وقت پتہ چلے جب انویسٹی گیشن ہو، اگر یہ بے قصور تھا تو تحقیقات میں سامنے آجانا تھا۔واضح رہے کہ عمران خان عدالت پیشی کے لیے اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات