بے نظیر شہید یونیورسٹی خیرپور میں تین روزہ عالمی كانفرنس کا انعقاد

منگل 9 مئی 2023 23:04

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2023ء) بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ سکل ڈویلپمنٹ خیرپورکی جانب سے ’’ان ایمرجنگ ٹرینڈزان انجینئرنگ ٹیکنالوجیز ‘‘کے عنوان سے تین روزہ عالمی کانفرنس تحت کیا گیا ۔ کانفرنس میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا اشتراک شامل ہے۔

کانفرنس کا افتتاح مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور کے مرکزی آڈیٹوریم میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کیا۔تقریب میں چیئرمین نیشنل ٹیکنالوجی کونسل اسلام آباد ڈاکٹر امتیاز حسین گیلانی، پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی وائس چانسلر مہران یونیو رسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو، پروفیسر ڈاکٹر فاتحہ شجاع(ملائشیا)، یایون چن(چائنہ)، پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹووائس چانسلر شاہ عبدالطیف یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ مگن وائس چانسلر نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر، پروفیسر ڈاکٹر عبدالسمیع قریشی پرو وائس چانسلر مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور، پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش مہر وائس چانسلر بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ سکل ڈویلپمنٹ خیرپور، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ، معاشی ماہر سید اسد علی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر در محمد پٹھان ، ملکی اور بیرون ممالک سے بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سند ھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ انجینئرنگ ٹیکنالوجیزمیں ابھرتے ہوئے رجحانات پر پہلی عالمی کانفرنس وقت کی اہم ضرورت تھی ، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایسے عالمی معیار کے پروگرام اور کانفرنس خیرپور میں ہورہی ہے ، آج کے دور میں تحقیق کی بڑی اہمیت ہے ہر روز نئی ٹیکنالوجی آرہی ہے ہم سب کو ان کے ساتھ چلنے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبے اور ملک میں تعلیم کی مفت فراہمی شہید بینظیر بھٹو کا ویژن تھا ۔ پیپلز پارٹی کی حکومت تعلیمی نظام کو بہتر سے بہتر بنانے اور اقدمات کو عملی طور پر نافذ کرنے کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس سے تعلیم دینے اور تعلیم حاصل کرنے والوں کی ہمت افزائی ہوگی اور نت نئے تحقیق سے مستفید ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش مہر کو اس کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش مہر نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے جو ہم انجینئرنگ ٹیکنالوجیز میں ابھرتے ہوئے رجحانات پر بین الاقوامی کانفرنس کررہے ہیں ۔

کانفرنس کا مقصد مختلف موضوعات پر ہونے والے تحقیق میں اضافہ کرنا ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر رسول بخش مہر نے مزید کہا کہ جیسے دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کی طرف گامزن ہے تحقیق ان کی بنیادی کنجی ہے ہم اپنے اداروں بشمول سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شکر گزار ہیں کہ اس کی کامیاب کانفرنس میں ہمار ا ساتھ دیا۔

کانفرنس میں محققین، بین الاقوامی ماہرین سمیت 106 ماہر، محقق اور مقالہ نگار روبرو اور آن لائن اپنے تجربات اور تحقیق پر مبنی مواد پیش کریں گے۔کانفرنس میں اساتذہ، طلبہ، عمائدین، متعلقہ سرکردہ افراد، اسکالرز،میڈیاکے نمائندوں، سینئر صحافیوں اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کے موقع پر تمام مہمانوں سمیت سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو اجرک، ٹوپی اور اعزازی شیلڈ دی گئیں۔