Live Updates

پولیس نے اسد عمر کے بعد وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کرلیا

اسد عمر کو انسداد دہشت گردی فورس نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر کی دفعہ 16 کے تحت گرفتار کیا گیا

بدھ 10 مئی 2023 23:34

پولیس نے اسد عمر کے بعد وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2023ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد رہنماؤں کی گرفتاری کے جاری سلسلے میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کے بعد وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا-اسد عمر کو انسداد دہشت گردی فورس نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر کی دفعہ 16 کے تحت گرفتار کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر احاطہ عدالت سے گرفتاری، مکمل لاقانونیت، جنگل کا قانون نافذ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ہائی کورٹ کے سائلین گیٹ سے اسد عمر کو گرفتار کیا گیا، گرفتاری کس مقدمے کے تحت عمل میں لائی گئی، ابھی کچھ معلوم نہیں۔

اسلام آباد پولیس نے اسد عمر کو بتایا کہ ان کے وارنٹ گرفتاری موجود ہیں، انہیں سرکاری املاک سمیت تھوڑ پھوڑ کے کیسز میں گرفتار کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر کیانی اور عمران اسمٰعیل احتساب عدالت کے باہر پہنچے اور اندر جانے کی اجازت دینے کی استدعا کی تو انہیں پولیس نے روکتے ہوئے کہا کہ آپ کو اندر جانے کی اجازت نہیں مل سکتی، فہرست میں آپ کا نام موجود نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اسد عمر، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے ہمراہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر پولیس لائنز اسلام آباد کے باہر پہنچے تھے۔اس سے قبل صبح صادق کے وقت تقریباً ساڑھے 4 بجے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ 12 سے 15 افراد نے عمر چیمہ کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور انہیں کسی نامعلوم مقام پر لے گئے۔

ایک روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں ہونے والے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کراچی کے صدر علی زیدی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔خیال رہے کہ 9 اپریل کو سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے رینجرز کی مدد سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات