Live Updates

190 ملین پاؤنڈز کا کیس،عمران خان کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 31 مئی 2023 15:04

190 ملین پاؤنڈز  کا کیس،عمران خان کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 31 مئی 2023ء) این سی اے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کا کیس،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے درخواست پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوئے،وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ 8 جون تک ضمانت میں توسیع کر دیں کیونکہ عمران خان کیخلاف اور بھی کیسز ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ درخواست گزار اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں،درخواست گزار کے آنے پر کروڑوں روپے سکیورٹی پر خرچ ہوتے ہیں۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا آپ نیب کے روبرو شامل تفتیش ہوئے۔

(جاری ہے)

جس پر خواجہ حارث نے بتایا کہ ہم شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔ عدالت نے عمران کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو پیر کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی سے ناراضی کی خبروں کی تردید کر دی۔ عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے تو صحافی نے چیئرمین تحریک انصاف سے سوال کیا کہ صدر عارف علوی آپ کے سوالوں کا جواب نہیں دیتے؟ عمران خان نے جواب دیا کہ نہیں نہیں یہ بالکل غلط ہے،ایسی بات درست نہیں کہ میرا عارف علوی سے رابطہ نہیں۔

سابق وزیراعظم نے غیر رسمی گفتگو میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل سے متعلق کہا کہ عارف علوی دستخط نہ بھی کرتے تو قانون بن جاتا۔الیکشن کے علاوہ اس وقت کوئی چارہ نہیں،ہم نے ملک کی خاطر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ جبکہ قبل ازیں عمران خان نے کہا کہ جبری علیحدگیوں کیلئے کس بے شرمی سے ہر حربہ آزمایا جا رہا ہے۔اس سب سے تحریک انصاف کیلئے ہمدردیاں بڑھ رہی ہیں اور اس کے ووٹ بنک میں اضافہ ہورہا ہے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات