Live Updates

عثمان بزدار کا سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان

9 مئی کو جن املاک کو نقصان پہنچایا گیا وہ ریاست کی ملکیت تھیں،پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑ ے رہیں گے،سابق وزیراعلٰی پنجاب کی پریس کانفرنس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 2 جون 2023 15:20

عثمان بزدار کا سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون 2023ء) کپتان نے جیسے وسیم اکرم پلس کہا وہ کھلاڑی بھی ساتھ چھوڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب اور پی ٹی آئی رہنما نے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں،پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،9 مئی کو جن املاک کو نقصان پہنچایا گیا وہ ریاست کی ملکیت تھیں۔

سب لوگ پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی ذات سے بڑھ کر سوچیں،اعلٰی حکام سے گزارش ہے کہ بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے،14 ماہ سے عدالتوں میں مختلف مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔ 3 سال 7 ماہ پنجاب کے عوام کی خدمت کی جس پر ضمیر مطمئن ہے،موجودہ صورتحال میں کچھ عرصے کیلئے سیاست بریک لے رہا ہوں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے کئی مرکزی رہنما پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ روز پرویز خٹک نے بھی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات کو دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں۔ پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر کو اسٹیبلشمنٹ نے مذاکرات کے بہانے بلا کر سیف ہاؤس میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو اس وقت تک جانے سے روک دیا گیا، جب تک وہ پارٹی سے علیحدگی کا اعلان نہیں کرتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات