سیاسی شخصیات کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری،آصف زرداری نے لاہور میں قیام 12 جون تک بڑھا دیا

بدھ 7 جون 2023 18:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) مختلف سیاسی شخصیات کاپیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز بلاول ہاوس لاہور میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران تونسہ شریف ،ڈیرہ غازی خان سے آزاد امیدوار پنجاب اسمبلی حافظ طاہر اور حافظ ہاشم نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ بھی موجود تھے ۔

آصف علی زرداری کو بتایا گیا کہ حافظ طاہر حلقے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے چلانے کی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے علاقے میں 709 سے زائد گھر بھی تعمیر کروائے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے مزید سیاسی رہنماوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے ۔ آصف علی زرداری نے لاہور میں قیام 12 جون تک بڑھا دیا ہے۔