Live Updates

حکومت کو مہنگائی کا اد راک ہے، بجٹ میں عوام کیلئے ہر ممکن ریلیف دیا گیا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 9 جون 2023 22:56

حکومت کو  مہنگائی کا اد راک ہے،  بجٹ میں عوام کیلئے ہر ممکن ریلیف دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت کو مہنگائی کا ادراک ہے، بجٹ میں عوام کیلئے ہر ممکن ریلیف دیا گیا ہے، گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر گریڈ کیلئے 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، پنشنرز کیلئے ساڑھے 17 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔

انہوں نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کئے جانے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے بات کرنا اہم نہیں، ہم نے صرف یہ دیکھا کہ عوام کو ریلیف دینا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ تیار کیا گیا اور عوام کیلئے ہر ممکن ریلیف دیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

ایک نام نہاد سیاسی لیڈر جسے آج سے چار پانچ سال پہلے وزیراعظم بنایا گیا، جس نے تبدیلی کا نعرہ لگایا لیکن اس نے ملک میں انتشار اور دہشت گردی کو فروغ دیا جس کی پاکستان کو بہت زیادہ قیمت ادا کرنا پڑی۔ اللہ ہمیں اس صورتحال سے جلد نکالے تاکہ ہم ملک میں معاشی صورتحال کو بہتری کی طرف گامزن کر سکیں جو بھی فیصلے کئے گئے ہیں ملک کی بہتری ، ترقی اور خوشحالی کو مدنظر رکھ کر کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں شامل لوگ ملک اور قوم کیلئے خیرخواہ نہیں تھے۔ اب اس پارٹی کا وجود ختم ہو رہا ہے،تحریک انصاف نے ملک میں انتشار اور توڑ پھوڑ کی سیاست کو فروغ دیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ایسے نہیں ہیں کہ ان کو سادہ سمجھا جائے یہ ایک مسلح بغاوت تھی، 9 مئی ہماری تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، 9 مئی کے واقعات کے پیچھے تحریک انصاف کا چیئرمین عمران خان ہے، وہ جناح ہائوس پر حملے اور ملک کے دوسرے علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ حکومت قوانین کے مطابق اس کیخلاف کارروائی کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف کارروائی شروع ہو گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات