معروف آزادی پسند کشمیری راہنما محمد یاسین ملک کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری

بھارتی قید میں موجود ہزاروں کشمیری اسیران کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، عُزِیر احمد غزالی سمیت دیگر مقررین کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب

بدھ 9 اگست 2023 14:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2023ء) معروف آزادی پسند کشمیری راہنما محمد یاسین ملک کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔بھارتی قید میں موجود ہزاروں کشمیری اسیران کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عُزِیر احمد غزالی سمیت دیگر مقررین کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔نریندرہ مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت جموں کشمیر میں انسانیت کیخلاف سنگین جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔

حکومت ہند محمد یاسین ملک کو محمد مقبول بٹ شہیدؒ اور محمد افضل گورو شہیدؒ کی طرح تختہ دار پر چڑھانا چاہتی ہے۔ بی جے پی آمدہ الیکشن میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاسبان حریت عُزیراحمد غزالی حریت رہنماؤں مشتاق السلام، عثمان علی ہاشم، حامد جمیل، چوہدری محمد مشتاق، محمد سہیل ڈار، ریاض اعوان، سرانداز میر، راجہ سجید خان، محمد یونس میر اور یاسر نقوی ودیگر نے محمد یاسین ملک کی رہائی کیلئے’’ شہیدؒ افضل گورو چوک‘‘ میں منعقدہ ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے قید تنہائی میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے کشمیری راہنما کیخلاف ''این آئی ای'' کی اپیل پر دلی ہائی کورٹ میں سزائے موت کیلئے دوبارہ سے ٹرائل شروع ہو جانا بھارتی حکومت اور متعصب عدلیہ کا کشمیری راہنما کیخلاف سازش کا کھلا اظہار ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت ہند تحریک آزادء کشمیر کو کمزور کرنے کیلئے مزاحمتی قیادت کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی شہیدؒ بارہ سال مسلسل گھر میں نظر بند رہے اور اسی حالت میں شہادت پائی۔ محمد اشرف خان صحرائی شہیدؒ کا جنازہ بھی جیل سے اٹھا اور اب بھارتی حکومت ایک بار پھر اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کیلئے محمد یاسین ملک کیخلاف سازشیں بن رہی ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ کشمیری آزادی پسند راہنما محمد یاسین ملک کیخلاف مودی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیں انہوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسرت عالم بٹ، شبیراحمد شاہ، آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، نعیم خان، سیف اللہ پیر، ناہیدہ نسرین، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، محمد بشیر قریشی، صوفی فہمیدہ، اور دیگر اسیر کشمیری راہنماؤں کیخلاف بھی مزید جعلی مقدمات قائم کرکے انہیں بھی طویل سزائیں سنا سکتی ہے۔

عُزیر احمد غزالی اور دیگر راہنماؤں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری اسیران کی رہائی کیلئے حکومت ہند پر دباؤ ڈالیں۔ مقررین نینریاست جموں کشمیر کے سبھی شہریوں سے اپیل کی ہیکہ وہ یاسین ملک اور دیگر کشمیری قیدیوں کی جانوں کو لاحق خطرات سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بھارتی ظلم کیخلاف آواز اٹھائیں اور بھرپور احتجاج کریں۔