نفاذ اسلام کی عالمگیر تحریک جماعت اسلامی کا 82 واں یومِ تاسیس ملک بھر کی طرح ٹنڈوآدم میں بھی بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 26 اگست 2023 22:36

ٹنڈو آدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2023ء) نفاذ اسلام کی عالمگیر تحریک جماعت اسلامی پاکستان کا 82واں یوم تاسیس ہفتہ کو ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی کراچی تا کشمور بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔26اگست کو یومِ تاسیس کے سلسلے میں مرکز جماعت اسلامی ٹنڈوآدم کوثر مسجد میں جماعت اسلامی کی 82سالہ سیاسی، سماجی اور دینی جدوجہد پر اظہار خیال کیا گیا اس موقع پر ضلعی امیر عبدالغفور انصاری ،نائب امیر مشتاق احمد عادل،مقامی امیر عبدالستار انصاری، نائب امیر حاجی نورحسن،جنرل سیکریٹری سید عریف اللہ، جوائنٹ سیکریٹری پروفیسر احمد بلال غوری، عبدالرحمن منصوری ، جے آئی یوتھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری فیصل غفور نے کارکنان کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی سیاسی،جمہوری جماعت ہے جو فرقہ واریت لسانیت موروثیت سے پاک اور رنگ نسل و مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد ، پروفیسر خورشید احمد، اسداللہ بھٹو ، لیاقت بلوچ سراج الحق سے لیکر سینیٹر مشتاق احمد، مولانا عبدالاکبرچترالی،سیدعبدالرشید تک ان کے ارکان پارلیمنٹ نے ہمیشہ ملک و ملت کے مفادات کا تحفظ اور ان پر نیب سمیت کوئی مخالف بھی ایک پیسے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ سیلاب طوفان یا کوئی اور قدرتی آفت سمیت عوام کے سلگتے مسائل ہوں جماعت اسلامی اور اس کا فلاحی ادارہ الخدمت دادرسی کے لیے سب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں۔

عوام انتخابات میں ایسی دیانتدار و مخلص قیادت کو منتخب کرکے ملک وقوم کومہنگائی بیروزگاری بدامنی اور آئی ایم ایف کی غلامی جیسے مسائل سے نجات دلاسکتی ہے۔یاد رہے کہ جماعت اسلامی کی بنیاد 26 اگست 1941 کو لاہور میں75افراد نے ڈالی تھی جس کے پہلے بانی امیر سید ابوالاعلی مودودی ،دوسرے میاں طفیل محمد،تیسری قاضی حسین احمد، چوتھے سید منور حسن اور پانچویں موجودہ امیر سراج الحق ہیں۔

75افراد سے شروع ہونے والا یہ قافلہ اب تناور درخت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس کی شاخیں قائم ہیں اور اقامت دین کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔جماعت اسلامی اقامت دین کی واحد تحریک ہے جو ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے اور اس پورے نظام کو نظریاتی اور عملی طور پر تبدیل کرنا چاہتی ہے جماعت اسلامی فرقہ واریت اور تعصبات سے پاک جماعت ہے ملک بھر ہر جگہ جماعت کی تنظیم سازی ہے یہ وہ واحد جماعت ہے جس کا اپنا دستور و منشور اور نظام ہے لیڈر سے لیکر کارکن تک اخلاقی تربیت، دعوت، معاملات سمیت ہر سطح پر کردار سازی ہوتی ہے پورے ملک میں تعلیم کا ایک موثر نیٹ ورک رکھتی ہے یہ ایک ایسی تحریک ہے جس نے پاکستان کے مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے خدمات سر انجام دی ہیں۔